انڈیاکی کمرتوڑنےوالے ایئروائس مارشل اورنگزیب”گوگل کنگ“کیسے بنے؟

اپنے دلچسپ انداز گفتگو، مردانہ وجاہت، پیشہ ورانہ مہارت اور پر مزاح انداز تکلم کی وجہ سے قومی ہیرو کا درجہ پانے والے پاکستان ایئر فورس کے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد اب گوگل پر پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت بھی بن گئے ہیں۔

گوگل ٹرینڈز کے مطابق، 12 مئی کی رات 2 بجے

"Aurangzeb”

کی تلاش کے رجحان نے بلند ترین سطح پر پہنچ کر گزشتہ ہفتے کا سب سے اونچا پوائنٹ حاصل کر لیا ہے۔اس کے بعد سے اب تک عوامی دلچسپی اسی طرح برقرار ہے جو ایئر وائس مارشل اورنگزیب کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔

خیال رہے کہ پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کو ناکو چنے چبوانے کے بعد سے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد سوشل میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں اور گزشتہ چند دنوں سے پاکستان میں انٹرنیٹ پر ہر جانب انہی کی گفتگو کے کلپس، میمز، اور تعریفی پوسٹیں دکھائی دے رہی ہیں جبکہ عوام ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں بارے جاننے کیلئے انھیں گوگل پر مسلسل سرچ کر رہے ہیں جس کے بعد اب پاکستانی قومی ہیرو اورنگزیب احمد گوگل کنگ بھی بن گئے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے 7 مئی کی رات پاکستان پر فضائی حملہ کیا گیا تھا جس کا پاکستان نے بروقت اور موثر جواب دیتے ہوئے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے۔ طیاروں کے گرنے کی خبر جوں ہی سوشل میڈیا کی زینت بنی وہیں پوری قوم پاک افواج کے گُن گانے لگی، بالخصوص توجہ کا مرکز ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد رہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے ان کی تعریفوں کے پُل باندھ دئیے، یکے بعد دیگرے میمز کی بھر مار ہونے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمدسوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔’میں ہوں ایئر وائس مارشل اور میں وہیں سے شروع کروں گا جہاں بات ختم کی تھی۔ پاکستان فضائیہ 6، انڈین فضائیہ 0‘ یہ تھے وہ الفاظ جنہوں نے پاکستان میں ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بنا دیا۔جس پر صرف پاکستانی خواتین ہی نہیں بلکہ حضرات بھی ایئر وائس مارشل کی روسٹنگ کے ہنر کے دیوانے ہوگئے اور انہیں پارٹ ٹائم پائلٹ تو فل ٹائم روئسٹر قرار دے دیا۔اورنگزیب احمد نے پریس بریفنگ میں جب رافیل کی تعریف کی تو صارفین نے ان کے الفاظ پکڑ لیے اور کہا کہ اورنگزیب احمد نے واضح الفاظ میں کہا کہ رافیل طیارہ اچھا ہے اسے اُڑانے والے ناتجربہ کار ہیں۔بریفنگ کے دوران صرف ان کے اندازِ بیان کی ہی نہیں بلکہ ان کی پریزنٹیشن کی بھی خوب تعریف ہوئی بعض صارفین نے تو یہاں تک کہا کہ اگر اورنگزیب احمد لیکچر دیں تمام طلبہ کی جی پی اے 4 آئے گی جبکہ صارفین کے مطابق اب پاک فضائیہ کے رشتوں کی ڈیمانڈ میں اضافے کی پیش گوئی بھی کی گئی۔نیوز بریفنگ کے دوران دلچسپ انداز گفتگو، پیشہ ورانہ مہارت پرعبور اور پُرمزاح انداز تکلم کے باعث ایئر وائس مارشل ابھی تک سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ ۔

ایسے میں سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد آخر ہیں کون؟ دستیاب معلومات کے مطابق ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے دسمبر 1992 میں پاک فضائیہ میں اپنے کیریئر کا آغاز جنرل ڈیوٹی یعنی پائلٹ برانچ میں کمیشن حاصل کر کے کیا۔ اُن کا کیریئر آپریشنل کمانڈ کے وسیع تجربات سے مزین ہے، جن میں ایک فائٹر سکواڈرن اور ایک آپریشنل ایئر بیس کی قیادت شامل ہے۔وہ  مختلف اہم عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر سٹاف کے طور پر فرائض انجام دینا بھی شامل ہے۔اورنگزیب احمد نے چین کی ایک جامعہ سے ملٹری آرٹس میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے جبکہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے نیشنل سکیورٹی اور وار سٹڈیز میں ماسٹرز بھی کیا ہوا ہے۔ انہوں نے آئندہ نسل کے فوجی رہنماؤں کی تعلیم و تربیت میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ڈائریکٹنگ سٹاف اور فیکلٹی ممبر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ایئر وائس مارشل احمد کا تجربہ بین الاقوامی سطح تک پھیلا ہوا ہے۔ وہ سعودی عرب میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کی ٹیم کے کمانڈر کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں جہاں وہ بین الاقوامی ماحول میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ پاک فضائیہ میں ان کی نمایاں خدمات میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز  اور ڈائریکٹر جنرل وارفیئر اینڈ سٹریٹجی کے عہدے بھی شامل ہیں۔ اس وقت وہ ایئر ہیڈکوارٹرز میں ڈپٹی چیف آف دی ایئر سٹاف (آپریشنز) کے اہم عہدے پر فائز ہیں۔ان کی غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارۂ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

تاہم اب ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو ایسی عوامی مقبولیت مل چکی ہے کہ اورنگزیب احمد کو پاکستان کا ’قومی کرش‘ قرار دیا جا رہا ہے۔  سوشل میڈیا پر جہاں ان کی شخصیت، انداز بیان اور دفاعی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جا رہا ہے وہیں ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام پر ہزاروں صارفین ان کے کلپس شیئر کر کے انہیں ’ہیرو آف دی نیشن‘ قرار دے رہے ہیں۔لیکن بات ہیرو تک محدود نہیں، بہت سی پاکستانی کواتین کی جانب سے ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو ’پاکستان کا قومی کرش بھی کہا جا رہا ہے‘۔

Back to top button