’پاکستان کی درخواست پر‘ سوشل میڈیا کا عالمی میم ٹرینڈ کیسے بنا؟

’پاکستان کی درخواست پر‘ یہ جملہ حالیہ دنوں میں نہ صرف خبروں اور سفارتی بیانات میں نمایاں رہا بلکہ اب دنیا بھر میں ایک وائرل سوشل میڈیا ٹرینڈ بن چکا ہے۔
امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار پر عالمی سطح پر گفتگو ہوتی رہی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی متعدد پوسٹس اور بیانات میں بھی یہ جملہ سامنے آیا کہ ’پاکستان کی درخواست پر‘ بعض فیصلے کیے گئے یا وقتی طور پر اقدامات روک دیے گئے۔
اسی جملے نے دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر میم ٹرینڈ کی شکل اختیار کرلی، جہاں صارفین روزمرہ کے معمولات کو مزاحیہ انداز میں ’پاکستان کی درخواست پر‘ سے جوڑ کر پوسٹ کر رہے ہیں۔
ایک صارف یانگ گوئی نے لکھا کہ ’پاکستان کی درخواست پر‘ اب ایک بڑی میم بن چکا ہے اور پاکستان مستقل کامیابیاں سمیٹ رہا ہے۔
ڈاکٹر ایلی ڈیوڈ نے مزاحیہ انداز میں پوسٹ کیا کہ ’آج لنچ کے بعد میرا ڈیزرٹ کھانے کا دل نہیں تھا، لیکن پاکستان کی درخواست پر میں نے آرڈر کر لیا۔‘
انہوں نے ایک اور پوسٹ میں لکھا، ’میں برتن دھونے لگا تھا پھر پاکستان کی درخواست پر رُک گیا۔‘
ایک صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’جتنی مرتبہ ٹرمپ پاکستان کا نام لے چکے ہیں، لگتا ہے کہیں پاکستان ہی امریکہ کو تو نہیں چلا رہا؟‘
ڈیوڈ وانس نے لکھا کہ ’میں کچھ پوسٹس کرنے لگا تھا، پھر پاکستان کی درخواست پر رک گیا۔‘
کارلوس نامی صارف نے کہا کہ ’پاکستان کی درخواست پر میں آج کوکیز نہیں کھاؤں گا۔‘
ڈاکٹر ایلی ڈیوڈ نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ ’میں جم میں سخت ورزش کرنے لگا تھا، پھر دو سیٹس کے بعد پاکستان کی درخواست پر رک گیا۔‘
ڈیوڈ کیئس نے بھی مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کی درخواست پر میں نے کام چھوڑ دیا اور لنچ کرنے لگا ہوں۔‘
