پاکستان اور بھارت پہلی بار ایشیا کپ فائنل میں آمنے سامنے، کس کا پلڑا بھاری ؟

کرکٹ کے دو دیرینہ حریف پاکستان اور بھارت کل تاریخ میں پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں مدِ مقابل آئیں گے۔ 41 سالہ ایشیائی کرکٹ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب دونوں ٹیمیں فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

آئیے جائزہ لیتے ہیں کہ ان دونوں ٹیموں کے درمیان عالمی کرکٹ ٹورنامنٹس کے کتنے فائنلز ہو چکے ہیں اور کس کا پلڑا بھاری رہا ہے۔

اب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان 11 بین الاقوامی کرکٹ فائنلز کھیلے جا چکے ہیں۔ ان میں پاکستان نے 7 فتوحات سمیٹی ہیں جبکہ بھارت کو 4 فائنلز میں کامیابی حاصل ہوئی۔

دونوں ٹیموں کا پہلا فائنل 1985 میں میلبرن میں منعقد ہوا، جہاں بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ اس وقت جاوید میانداد پاکستان اور سنیل گواسکر بھارت کے کپتان تھے۔

ایک سال بعد 1986 میں شارجہ میں آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں جاوید میانداد کے یادگار چھکے کی بدولت پاکستان نے ایک وکٹ سے فتح حاصل کی۔

شارجہ ہی میں 1991 اور 1994 کے فائنلز میں پاکستان نے بالترتیب 72 اور 39 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

1998 میں ڈھاکا میں "سلور جوبلی کپ” کے تین فائنلز کھیلے گئے، جن میں بھارت نے پہلا اور تیسرا فائنل جیتا جبکہ پاکستان دوسرے فائنل میں فاتح رہا۔

1999 میں پاکستان نے بھارت کو دو مختلف فائنلز میں شکست دی — ایک میں بنگلور میں 123 رنز سے اور دوسرے میں شارجہ میں 8 وکٹوں سے۔

2007 میں جوہانسبرگ میں ہونے والے پہلے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی فائنل میں بھارت نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو 5 رنز سے ہرا دیا۔

2008 کے "کٹ پلے کپ” کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 25 رنز سے شکست دی۔

جبکہ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز کی عبرتناک شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔

Back to top button