ریاست ٹیکس نہ لےتو تنخواہیں کیسےادا ہوں گی؟ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اگر ریاست ٹیکس وصول نہیں کرے گی تو تنخواہوں اور مراعات کی ادائیگی ممکن نہیں ہو سکے گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پلندری (آزاد کشمیر) میں مختلف جامعات کے ایک ہزار طلبہ و اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہےآزاد کشمیر میں سیاسی نظام فعال ہے اور یہاں تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے اشاریے نمایاں طور پر بہتر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے 30 فیصد سے زائد افراد سرکاری ملازمتوں سے وابستہ ہیں، اس لیے ریاستی محصولات کے بغیر انتظامی ڈھانچہ قائم رکھنا ناممکن ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج اور بعض پرتشدد مظاہروں سے متعلق سوال پر احمد شریف چوہدری نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا حق ہے لیکن انتشار اور توڑ پھوڑ سے معیشت کو نقصان پہنچتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے کشمیر کو بے پناہ وسائل اور نعمتوں سے نوازا ہے، پاکستان کے خواب کی بنیاد رکھنے والوں کا تعلق بھی اسی خطے سے تھا اور آج بھی پاک فوج میں بڑی تعداد کشمیری افسران اور جوانوں کی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ کشمیر کا مستقبل ہمیشہ پاکستان سے وابستہ ہے اور "کشمیر بنے گا پاکستان” ہی حتمی حقیقت ہے۔
