پنجاب پرتنقیدکرنےوالےمریم نوازکےمنصوبوں کامقابلہ نہیں کرسکتے،راناثنا

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پنجاب پر تنقید کرنے والوں  مریم نواز کے منصوبوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مریم نواز نے اپنی سیاست اور قیادت سے مسلم لیگ ن کو مضبوط بنایا ہے۔ ان کے بقول ناقدین کو مریم نواز کے منصوبوں کی سطح تک پہنچنے کے لیے سخت محنت کرنا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین اکثر شکایت کرتے ہیں کہ پنجاب حکومت کو میڈیا کوریج زیادہ ملتی ہے، دراصل یہ عوامی خدمت کے منصوبے ہیں جنہیں میڈیا دکھانے پر مجبور ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے عوام بالخصوص بزرگوں اور خواتین کے لیے الیکٹرک بس منصوبہ ایک بڑا تحفہ ہے اور پورا شہر اس پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکر گزار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف ڈیڑھ سال میں مریم نواز نے خدمت کی سیاست کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے، صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے ہیں اور لوگوں کو دہلیز پر ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق آج پنجاب حکومت میزبان ہے اور عوام مہمان، جن کی خدمت کو سب سے مقدم رکھا گیا ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں عوام کا استحصال کیا گیا، جبکہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عام آدمی کے مسائل حل کرنے پر توجہ دی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب پوری قیادت جیل میں تھی، اس وقت پارٹی کو مریم نواز نے کراچی سے کوئٹہ تک سنبھالا اور آج انہی کی قیادت میں پنجاب تیزی سے ترقی یافتہ صوبہ بن رہا ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی مصروفیت عوامی خدمت میں ہے جبکہ مخالفین کا وقت صرف تنقید میں گزرتا ہے۔

Back to top button