خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کیسے ہوگا؟

کے پی کے وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کیلئےشیڈول جاری ،نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کیسے ہوگا؟طریقہ کارسامنےآگیا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق انتخابی عمل 3 مراحل پر مشتمل ہوگا جو 12 اور 13 اکتوبر کو مکمل کیا جائے گا۔

نوٹس کے مطابق وزیرِ اعلیٰ کے امیدواروں کے نامزدگی فارم 12 اکتوبر بروز اتوار سہ پہر 3 بجے تک اسمبلی سیکرٹری کے دفتر میں جمع کرائے جا سکیں گے۔ امیدوار کے کاغذاتِ نامزدگی پر ایک تجویز کنندہ، ایک تائید کنندہ اور خود امیدوار کے دستخط ہونا ضروری ہوں گے، اسی روز شام 4 بجے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی موصولہ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال کریں گے۔

انتخاب کے لیے اسمبلی کا اجلاس 13 اکتوبر بروز پیر صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے۔ رائے دہی کے آغاز سے قبل اسپیکر اسمبلی ہال میں پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجانے کی ہدایت دیں گے، جس کے بعد دروازے بند کر دیے جائیں گے اور کسی کو اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسمبلی کے اراکین اپنے ڈویژن نمبر کے مطابق ووٹ درج کرائیں گے، ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور اسپیکر منتخب وزیرِ اعلیٰ کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

قواعد کے مطابق اگر ایک ہی امیدوار میدان میں ہوا اور وہ اسمبلی کے کل اراکین کی اکثریت حاصل کر لے تو وہ وزیرِ اعلیٰ منتخب قرار پائے گا، تاہم مطلوبہ اکثریت حاصل نہ ہونے کی صورت میں انتخابی عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

اگر امیدوار ایک سے زائد ہوں اور پہلی رائے دہی میں کوئی امیدوار اکثریت حاصل نہ کرے تو سب سے زیادہ ووٹ لینے والے 2 امیدواروں کے درمیان دوسری رائے دہی کرائی جائے گی، جس میں اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار وزیرِ اعلیٰ منتخب قرار پائے گا۔

Back to top button