عمران خان نے وزارت دی،علیمہ خان کوجواب دہ نہیں ہوں،گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کاکہناہے کہ مجھے وزارت اعلیٰ عمران خان نے دی ہے ،علیمہ خان کو جواب دہ نہیں ہوں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک صحافی کے سوال "کیا علیمہ خان سے گلے شکوے دور ہو گئے؟” پر علی امین گنڈا پور نے جواب دیا: "کون سے گلے شکوے؟ میں صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جوابدہ ہوں، وہی میرے لیڈر ہیں۔”
علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ ان کے تمام فیصلے عمران خان کی امانت اور ہدایت کے مطابق ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "مجھے جو عہدہ دیا گیا، وہ عمران خان کا اعتماد ہے، اور میں نے اپنی پارلیمانی پارٹی کے ہمراہ ان کی سوچ کی درست ترجمانی کی ہے۔”
علی امین نے الزام لگایا کہ کچھ عناصر انہیں عمران خان سے دور رکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ "یہ ملاقات نہیں ہونے دے رہے تھے، حکومت گرانے کے لیے ایک چال چلی گئی تھی۔ اگر بجٹ پاس نہ ہوتا تو میں نااہل ہو جاتا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے تحت فنانشل ایمرجنسی لگانے کا اختیار موجود ہے، لیکن عمران خان کی ہدایت ایسی نہیں تھی کہ حکومت خطرے میں ڈال دی جائے۔ "اگر عمران خان کہیں گے تو ہم خود حکومت ختم کر دیں گے۔”