عمران خان کو پی ٹی آئی کے پیٹرن انچیف کاعہدہ مل گیا

سابق وزیراعظم عمران خان کو پاکستان تحریک انصاف  کے پیٹرن انچیف کاعہدہ مل گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرکا اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ  عمران خان سے توشہ خانہ ٹو کیس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔

بیرسٹرگوہرنے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ سارے دروازے بند کردیئے گئے، اب اسلام آباد کی کال کے بجائے پورے ملک میں احتجاج ہوگا اور احتجاجی تحریک کو وہ خود لیڈ کریں گے، احتجاجی تحریک پر تمام ہدایات عمر ایوب کو دی جائیں گی۔ عمران خان نے احتجاج کا ابھی کوئی ٹائم فریم نہیں دیا، یہ وہ خود دیں گے، عمران خان نے کہا وہ آج کے بعد پی ٹی آئی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے، تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے جس طرح پہلے کرتے تھے، مجھے چیئرمین شپ سے ہٹانے کی باتیں افواہیں پھیلانے والے لوگ کررہے ہیں  میں پارٹی کا چیئرمین رہوں گا۔

بیرسٹرگوہر کا کہنا تھاکہ پارٹی کا چیئرمین نہ ہونے کی صورت میں سب کو پتا ہے نتائج کیا ہوں گے، احتجاج کی ذمہ داری ہمیشہ علی امین گنڈا پور کو دی جاتی تھی اب ایسا نہیں، احتجاج سے متعلق مختلف لوگوں کو مختلف ذمہ داریاں دی جائیں گی، بانی پی ٹی آئی نے پارٹی لیڈر شپ پر کوئی عدم اعتماد نہیں کیا ہے، میں ابھی بھی چاہتا ہوں مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہوں۔

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے مسائل بات چیت سے حل ہوں، میں ابھی بھی چاہتا ہوں مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہوں جب کہ عمران خان نے بھی ہمیشہ لچک کا مظاہرہ کیا، وہ 2 سال سے جیل میں ہیں انہوں نے ہمیشہ بات چیت کو ترجیح دی۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دیا، ہم کسی صورت پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کریں گے، ہم پرامن احتجاج کریں گے یہ ہمارا حق ہے۔ بانی کے کیسز لگتے نہیں لگتے ہیں تو شنوائی نہیں ہوتی، مخصوص نشستوں پر عدالتیں فیصلہ نہیں کررہی، ہم چاہتے ہیں کامن سینس پرویل ہونی چاہیئے۔ہماری کسی سے کوئی بات نہیں ہورہی لیکن بانی نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا آپشن کھلا رکھا ہے۔

Back to top button