ملک میں دہشت گردی کے دوبارہ سر اٹھانے کا ذمہ دار عمران خان ہے : مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے دوبارہ سر اٹھانے کا ذمہ دار عمران خان ہے اور انہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔ جس نے دہشت گردوں کو واپس لا کر قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا۔دہشت گردی کے خاتمے کےلیے سب سے پہلے ان سہولت کاروں کا احتساب ضروری ہے جنہوں نے اسے پنپنے دیا۔
صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے پوری قوم کو متحد کرکے نیشنل ایکشن پلان بنایا اور دہشت گردی کے خلاف واضح قومی بیانیہ تشکیل دیا، لیکن عمران خان نے اس پالیسی کو پسِ پشت ڈال دیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو دہشت گردی سے محفوظ بنانے کےلیے فیصلہ کن اقدامات کیےگئے،تاہم 2018 کے بعد خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کی پشت پناہی ہوئی،جس کے ذمہ دار عمران خان ہیں اور انہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔
رہنما مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے ہر پاکستانی کے لہو کا بوجھ عمران خان کے ہاتھوں پر ہے۔ نواز شریف نے دہشت گردوں کےخلاف جامع اور مؤثر آپریشن کرکے ملک کو امن کی راہ پر ڈالا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دہشت گردوں کو نہ صرف پناہ اور رہائش دی بلکہ وسائل بھی فراہم کیے، جب کہ صوبہ خیبرپختونخوا کو ان کا مرکز بنادیا۔ عمران خان نے دہشت گردی کو ختم کرنے کے بجائےاس کےلیے سازگار ماحول فراہم کیا۔
صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان،پولیس، رینجرز اور عوام نے بےپناہ قربانیاں دیں، لیکن عمران خان نے دہشت گردوں کا ساتھ دےکر شہداء کے لہو سے بےوفائی اور ان کی قربانیوں کی توہین کی ہے۔
