خیبرپختونخوا: نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے اجلاس 13 اکتوبر کو طلب

خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس پیر، 13 اکتوبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے تصدیق کی ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز منعقد ہوگا، جس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔

ان کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے سہیل آفریدی کو وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد کیا گیا ہے، اور اسمبلی اجلاس میں انہیں ہی نئے وزیراعلیٰ کے طور پر منتخب کرایا جائے گا۔

سلمان اکرم راجا نے سہیل آفریدی کو ایک پُرامید اور باصلاحیت نوجوان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے شخص ہوں گے جو قبائلی علاقے سے وزیراعلیٰ منتخب ہوں گے، جو ایک تاریخی پیش رفت ہوگی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب علی امین گنڈاپور نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو موصول ہو چکا ہے۔

ادھر اپوزیشن جماعتیں بھی وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے متفقہ امیدوار لانے کے لیے مشاورت کر رہی ہیں، تاہم تاحال کسی امیدوار کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

Back to top button