استعفیٰ منظور ہونے تک علی امین وزیراعلیٰ رہیں گے: گورنر کے پی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہو چکا ہے، تاہم اس کی منظوری تک وہ وزیراعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
ایک بیان میں گورنر نے واضح کیا کہ پیر کے روز جب دفتر کھلے گا تو وہ استعفیٰ پر باضابطہ فیصلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ علی امین کا استعفیٰ ان کے اپنے ہاتھ سے تحریر کردہ ہے اور اسے وصول کرنے کی رسید بھی جاری کر دی گئی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ استعفیٰ کا قانونی جائزہ ان کی ٹیم لے رہی ہے تاکہ آئینی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کا ڈی آئی خان میں علی امین گنڈاپور سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور نے وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سہیل آفریدی کو خیبرپختونخوا کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے۔
