عمران خان کی ضمانت،9مئی کا بیانیہ جھوٹاثابت ہوگیا،پی ٹی آئی

تحریک انصاف کے رہنماؤں سلمان اکرم راجہ اور لطیف کھوسہ کاکہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے عمران خان کوضمانت ملنےپرثابت ہوگیا کہ9مئی کابیانہ جھوٹاہے۔
اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت کا آج کا فیصلہ ایک اہم اشارہ ہے، عوام کو معلوم ہوگیا کہ 9 مئی کا مقدمہ محض ایک جھوٹا بیانیہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پُرامید ہیں کہ ہمیں انصاف ملے گا، اگر کوئی فیصلہ ہمارے خلاف آیا تو اس کے خلاف اپیلیں دائر کریں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سرگودھا میں بھی جج گواہان کی شہادت مسترد کرچکے ہیں۔ "معافی انہیں مانگنی ہے جنہوں نے الیکشن چرایا، ہم معافی صرف اللہ تعالیٰ سے مانگیں گے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی رہنما عمر ایوب، شبلی فراز اور احمد بھچڑ واپس آئیں گے، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ "بڑی دیر کے بعد ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ملا ہے، بانی پی ٹی آئی دو برس سے قید ہیں لیکن جلد رہائی پائیں گے۔” انہوں نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 25 سب کو برابری کا حق دیتا ہے اور سپریم کورٹ نے آئین کی بالادستی کو برقرار رکھا ہے۔ ان کے مطابق 9 مئی کا مقدمہ محض ایک سب انسپکٹر اور کانسٹیبل کی گواہی پر قائم ہے، ایک ہی شہادت پر دو مقدمے نہیں چل سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا القادر ٹرسٹ کیس سے کوئی ذاتی مفاد نہیں جڑا، جبکہ 190 ملین پاؤنڈز سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا کریڈٹ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو جاتا ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ "قوم کو پُرعزم رہنا چاہیے، ہم قید ساتھیوں کو رہا کرائیں گے، اور ماضی میں پرویز مشرف کو بھی اقتدار سے ہٹایا تھا۔”
پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ "آج تحریک انصاف کی جیت کا دن ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے نے جھوٹے بیانیے کو دفن کردیا۔” ان کے مطابق پارٹی یکسو ہے اور آئندہ بھی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
