عمران خان کی صحت خراب،جان کوخطرات ہیں ،قاسم سوری
پاکستان تحریک انصاف کےسینئررہنماقاسم خان سوری نےالزام عائدکیا ہےکہ عمران خان کو کوئی ایسی چیزدی گئی ہے، جس سےان کاذہنی توازن بگڑنے کا خطرہ ہےاوران کی جان کوبھی’شدید خطرات‘لا حق ہیں۔
قاسم خان سوری نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ قریبی ذرائع بتاتےہیں کہ ’عمران خان کو ایک چھوٹے سے کمرے میں بند کرکے کسی زہریلی چیز کااسپرےکیا گیا ہے، جس کی بو ان کے ذہن پر اثر کر رہی ہے،عمران خان کی طبیعت خراب ہےاور جان کو شدید خطرات لاحق ہیں‘۔
انسٹا گرام پر پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ پر قاسم خان سوری کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قاسم خان سوری نےاپنےذرائع کےحوالے سے عمران خان کےبارےمیں خطرناک رپورٹس شیئر کی ہیں۔
قسم سوری کی جانب سےمطالبہ کیا گیا ہے کہ ہمارامطالبہ ہے کہ ڈاکٹر عاصم یوسف کی نگرانی میں عمران خان کا شفاف طبی معائنہ کرواکر ان کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کا اس وقت اپنےخاندان سے رابطہ مکمل منقطع ہے،انہیں ضروری طبی سہولتیں بھی فراہم نہیں کی جارہیں، ان کی خیریت سے متعلق ٹھوس اورقابل اعتماد ثبوت بھی نہیں ہے،عمران خان کی ’تنہائی‘ کے باعث انسانی حقوق کے حوالے سے سنجیدہ تحفظات جنم لیتے دکھائی دیتے ہیں۔
تحریک انصاف کی پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کےساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور ان کی جان کوخطرات کےخدشات سےسوال پیداہوتا ہے کہ اس سب کے پیچھے کیا ارادےکارفرما ہیں؟
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کےرہنماؤں کی جانب سےاس طرح کے خدشات کا اظہار پہلے بھی کیاجاتا رہاہے، گزشتہ سال سے جیل میں قید سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی اس سےقبل پنجاب حکومت کو خط لکھ کر عمران خان کو زہر دینےکےخدشےکا اظہارکرچکی ہیں۔
پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب خان نےبھی رواں برس ستمبرکےمہینے میں صحافیوں سےگفتگو کرتےہوئےکہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جتنی دیرجیل میں رہیں گے،اتنا ہی ان کی جان کوخطرہ ہوگا۔