ہائبرڈ نہیں چیمپئنز ٹرافی کانیافارمولا لائیں گے،محسن نقوی

پاکستان کرکٹ بورڈکےچیئرمین محسن نقوی نےکہا ہے کہ جو بھی ہوگا برابری کی بنیاد پرہوگا،چیمپئنز ٹرافی پر ہائبرڈ نہیں کوئی نیافارمولا لائیں گے۔

دبئی میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ ایسا فیصلہ کریں گے جس میں پاکستان کی عزت اور کرکٹ کی جیت ہو،مزید کہا کہ ایک ہی بارفیصلہ کریں گے جو طویل مدتی ہو۔

چیئرمین پی سی بی نےکہا کہ ابھی چیمپئنز ٹرافی پرزیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا، جس سے معاملات خراب ہوں۔

قبل ازیں، صبح محسن نقوی نےکہا تھا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے اور سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سےمتحدہ عرب امارات کےکرکٹ بورڈ کے ہیڈ اور آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے چیئرمین مبشر عثمانی نے ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی کاکہنا تھا کہ چیمپینز ٹرافی کے تمام ترانتظامات مکمل ہیں اور پاکستان آنے والی ٹیموں اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دےکرفول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لئے اعزاز ہے اور ہم ہر ٹیم کو کھلےدل سےخوش آمدید کہتے ہیں، ہم نے کرکٹ اور سیاست کو الگ الگ رکھنا ہے۔

ادھر، ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سےبتایا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ک حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہ ہوسکا اوربورڈاجلاس بھی آج نہیں ہوسکے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اگلے ایک سےدو روز میں کوئی پیشرفت ہوسکتی ہے،آئی سی سی نے پاکستان اور بھارتی بورڈ سے حل طلب فارمولا لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان نے ایک بار پھر بھارت سےحکومتی خط کی ڈیمانڈ کی ہےجس میں پاکستان نہ آنے کی وجہ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ روزانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)ایک بار پھر اپنے مؤقف پر سختی سےقائم رہا تھا،جس کے بعد اجلاس ملتوی کردیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بے لچک مؤقف کی وجہ سے اجلاس کل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ذرائع نےبتایا کہ بی سی سی آئی حکام نےبھی اپنےمؤقف سےدیگر ممبران کو آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا۔

Back to top button