بھارت روایتی جنگ میں کامیابی کی طاقت نہیں رکھتا،عطاتارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نےکہا ہے کہ بزدل دشمن نے سکول کے بچوں پر وار کیا کیونکہ یہ روایتی جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کی طاقت نہیں رکھتا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ دشمن کی کوشش ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کی سپورٹ سے دہشتگردی کرائی جائے۔بزدل دشمن نے اسکول کے بچوں پر وار کیا، دشمن یہ طاقت اور جرات نہیں رکھتا کہ وہ روایتی جنگ میں کوئی کامیابی حاصل کرسکے کیونکہ اسے شکست فاش ہوئی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھا کہ بھارت نے بچوں پر حملہ کرکے جنگ کے اصول بھی پامال کردیے، جنگ کی طرح بھارت کو دہشتگردی میں بھی شکست دیں گے۔
رکن اسمبلی شازیہ مری نے اسکول بس پر حملہ افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھارت سے جنگ کی طرح دہشتگردی کے خلاف بھی یک زبان ہونا ہے، اگرکوئی دہشتگردی کے خلاف خاموشی اختیار کرے گا تو وہ دشمن کےمقاصد پورا کرے گا۔
رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کو بچانا سب سے اولین ذمہ داری ہے کیونکہ یہ مستقبل ہے، افواج پاکستان کو دہشتگردی کو بھی ملک سے ختم کرنا ہوگا۔