بھارت اپنی ساکھ بچانے کے لیے پاکستان کو نشانہ بنا سکتا ہے: منیر اکرم

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب منیر اکرم نے خبردار کیا ہے کہ بھارت اپنی بین الاقوامی ساکھ بچانے کی کوشش میں پاکستان کو نشانہ بنا سکتا ہے، جس کے لیے ہمیں ہمہ وقت چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔
منیر اکرم نے کہا کہ بھارت پر جب بھی عالمی سطح پر تنقید بڑھی ہے، اس نے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزام تراشی کا سہارا لیا ہے۔ اس ممکنہ حکمتِ عملی کے پیشِ نظر پاکستان کو اپنی سفارتی اور سیکیورٹی پالیسیوں میں مزید چوکسی اختیار کرنی چاہیے۔
ادھر پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے اہداف میں اسلام آباد بھی شامل ہو سکتا ہے، جس بنا پر ملک کو غیرمعمولی احتیاط کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "گریٹر اسرائیل” اور "اکھنڈ بھارت” کا گٹھ جوڑ اس وقت عالمی امن اور خطے کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے، اگرچہ دونوں الگ الگ اپنی پالیسیوں میں ناکامی سے دوچار ہو چکے ہیں۔
