پاکستانی ٹیم سے مصافحہ نہ کرنا کھیل کی روح کے خلاف ہے،سابق بھارتی کپتان

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس سے تعلق رکھنے والے سینئر رہنما اور سابق کرکٹ کپتان محمد اظہرالدین نے پاک بھارت میچ کے دوران کھلاڑیوں کے مصافحہ نہ کرنے کو کھیل کی روح کے خلاف قرار دیا ہے۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے اظہرالدین نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو اور ٹیم کے مجموعی رویے پر کڑی نکتہ چینی کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف میدان میں اپنی کارکردگی سے بلکہ اپنے برتاؤ سے بھی دنیا کے سامنے ایک مثبت تاثر پیش کریں۔

اظہرالدین کا کہنا تھا کہ کرکٹ ہمیشہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کو کم کرنے کا ایک ذریعہ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ میچ کے موقع پر بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہ ملانا اسپورٹس مین اسپرٹ کے برعکس اقدام تھا۔

Back to top button