بھارت، امریکا تجارتی مذاکرات ناکام

نئی دہلی میں بھارت اور امریکا کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے اہم تجارتی مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

امریکی وفد کی قیادت برینڈن لنچ نے کی جبکہ بھارتی وفد کی سربراہی راجیش اگروال کر رہے تھے۔ دونوں فریقین کے درمیان کئی گھنٹے جاری رہنے والی بات چیت کے باوجود کسی معاہدے تک رسائی ممکن نہ ہو سکی، تاہم مزید ملاقاتوں پر اتفاق کیا گیا۔

مذاکرات کے بعد بھارتی وزیر تجارت سنیل برتھوال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ مختلف سطحوں پر بات چیت جاری ہے لیکن کئی معاملات پر اب بھی اختلافات برقرار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بالخصوص روس سے تیل کی خریداری کے معاملے پر واشنگٹن کا دباؤ قائم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکا کی خواہش ہے کہ بھارت زرعی مصنوعات، دودھ اور گندم پر عائد بلند درآمدی محصولات کم کرے تاکہ امریکی برآمدات کو بھارتی منڈی میں بہتر رسائی مل سکے۔

واضح رہے کہ امریکی تجارتی ٹیم نے گزشتہ ماہ بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی تیل کی درآمدات کے باعث بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر رکھا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق بھارت تجارتی ڈیل کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے، جس کے باعث مذاکرات میں پیش رفت مشکل ثابت ہو رہی ہے۔

Back to top button