بھارت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کےاہلکاروں کوہراساں کرنےلگا

بھارت نے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمیشن کے سفارتکاروں کو ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے۔
نئی دہلی میں 4پاکستانی سفارتکاروں کو ان کی نجی رہائش گاہوں سے قبل از وقت خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں، حالانکہ وہ کرائے پر مقیم ہیں اور معاہدے کی مدت ابھی مکمل نہیں ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق ان سفارتکاروں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ ان کے گھروں کی گیس اور انٹرنیٹ کی سہولیات وقفے وقفے سے معطل کی جا رہی ہیں۔
مزید برآں، سفارتکاروں سمیت 17 اسٹاف ارکان کے بھارتی ویزوں میں توسیع بھی تاخیر کا شکار ہے۔ پاکستانی حکام نے تین سے پانچ ماہ قبل بھارت کو ویزا توسیع کی درخواست دی تھی، جو تاحال زیرِ التوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کا پانی بھی بند کر دیا گیا ہے جبکہ ڈیڑھ ماہ سے بھارتی اخبارات کی ترسیل بھی معطل ہے۔
پاکستانی ہائی کمیشن نے اس صورتِ حال سے وزارتِ خارجہ کو آگاہ کر دیا ہے۔
