بھارتی جارحیت پرمودی کو پوری دنیا میں بے نقاب کیا،بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر ردعمل دیا جبکہ ہم نے مودی کو پوری دنیا میں بے نقاب کیا۔

بھٹ شاہ میں شاہ عبد الطیف بھٹائی کے عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کر کے جنگ کا آغاز کیا، مگر اسے مکمل پاکستان نے کیا اور ہر محاذ پر شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے مسلح افواج کے شانہ بشانہ بھارت کو جواب دیا جبکہ نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں کر سکتا۔ جب بھارت نے اس کا اعلان کیا تو میں نے سندھو دریا کے کنارے کھڑے ہو کر وعدہ کیا تھا کہ مودی کو دنیا بھر میں بے نقاب کروں گا اور ہم نے یہ وعدہ پورا کیا۔ ہم نے امریکا سمیت دنیا کے ہر فورم پر بھارت کے جھوٹ کو آشکار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاک بھارت جنگیں ہوئیں، مگر کبھی سندھو دریا پر حملہ نہیں ہوا اور نہ ہی ڈیم بنانے کا اعلان کیا گیا۔ ہم نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی سطح پر آواز بلند کی۔

بلاول بھٹو نے عوام سے کہا کہ معاہدے کی بحالی کے لیے آپ کی حمایت درکار ہے، تاکہ اس ناانصافی کو روکا جا سکے۔ عوام میں اتنی قوت ہے کہ ہم جنگ جیت سکتے ہیں اور اپنے چھ دریا واپس لے سکتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے کبھی جنگ نہیں چھیڑی، ہمیشہ امن کی بات کی اور دنیا میں بھی یہی مؤقف پیش کیا۔ تاہم، اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو بھٹائی کی دھرتی سے اعلان کرتا ہوں کہ ہم نہ پیچھے ہٹیں گے اور نہ جھکیں گے۔ اگر بھارت نے سندھو پر حملے کا سوچا تو پاکستان کے ہر صوبے کے عوام مودی کا مقابلہ کریں گے۔

Back to top button