بھارتی فوج آپریشن سندور 2.0 کےلیے بھرپور تیاری کررہی ہے : انڈین آرمی چیف

انڈین آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی نے موجودہ صورت حال کو عارضی جنگ بندی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین فوج آپریشن سندور 2.0 کےلیے بھرپور تیاری کررہی ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈین آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی نے براہِ راست پاکستان کا نام لیے بغیر کہاکہ آپریشن سندور اب بھی جاری ہے، انڈین فوج مکمل طور پر تیار ہے اور اگر ضرورت پڑی تو نیا آپریشن شروع کیا جاسکتا ہے۔
جنرل اوپیندر دویدی نے کہا کہ صرف فوج ہی نہیں بلکہ فضائیہ اور بحریہ بھی مکمل تیاری میں ہیں۔افواج کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کی جارہی ہے تاکہ مستقبل کی جنگی صورت حال کےلیے ہروقت تیار رہا جاسکے۔انڈین فوج اور تینوں مسلح افواج آپریشن سندور 2.0 کےلیے بھرپور تیاری کررہی ہیں،اگر یہ ہوتا ہے۔ اس وقت ہم تینوں افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور آئندہ جنگی تقاضوں کےمطابق خود کو تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
اوپیندر دویدی نے کہا کہ جدید جنگی میدان انتہائی شفاف ہوچکا ہے جہاں ہرحرکت مخالف کو نظر آسکتی ہے، اس لیےفوج کو اپنی تعیناتی،کارروائی اور سکیورٹی کے حوالے سے انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہےتاکہ سرحدی علاقوں میں فوجیوں اور شہریوں دونوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
