سعودی عرب کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: دفتر خارجہ

پاکستان نے مکہ مکرمہ کی جانب کیے گئے حملے اور سعودی عرب پر حوثی باغیوں کی مسلسل جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے واضح کیا ہےکہ حرمین شریفین کی حرمت اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتےہوئے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہاکہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش ایک گھناؤنا اور انتہائی تشویشناک اقدام ہے،جس سے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات شدید مجروح ہوئےہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان،سعودی عرب کی خودمختاری،امن اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کےلیے اپنے برادر ملک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے،پاکستان سعودی عرب کے شہری علاقوں اور تنصیبات پر حوثی شدت پسندوں کے حملوں کی پرزور مذمت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا انتہائی سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لے رہے ہیں، خطے میں پائیدار امن اور تنازعات کے حل کےلیے پاکستان ہمیشہ سفارت کاری اور پرامن مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے مکہ پر حملے کو ناکام بنانے کےلیے سعودی مسلح افواج کی بروقت،مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہاکہ سعودی فورسز نے صورت حال کو کامیابی سے قابو میں رکھا اور اہم تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنایا۔
انہوں نے کہاکہ خطے میں پائیدار امن،استحکام اور تنازعات کے دیرپا حل کےلیے سفارت کاری،بامعنی مذاکرات اور سیاسی ذرائع ہی واحد مؤثر راستہ ہیں اور پاکستان ہمیشہ پرامن حل اور تعمیری مکالمے کی حمایت کرتا رہے گا۔
ڈرون سے بیلسٹک میزائل تک، سعودی عرب مقدس شہروں کی حفاظت کیسے کرتا ہے؟
سجاد حیدر نے بتایاکہ بھارتی بحری جہاز نے 15 ستمبر 2026 کو پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں پاک بحریہ کے جہاز کے قریب جارحانہ انداز میں نقل و حرکت کی،بھارت نے بین الاقوامی قانون اور دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کی،اس واقعہ پر بھارت کے ناظم الامور کو گزشتہ رات دفترخارجہ طلب کیاگیا۔
