سندھ طاس معاہدہ علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کاکہنا ہے کہ بھارتی اقدامات بین الاقوامی قوانین اور معاہدے کی شقوں کی بھی خلاف ورزی ہیں، سندھ طاس معاہدہ علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت سندھ طاس معاہدے پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد روکنے کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قانون، انصاف اور آبی وسائل کے وفاقی وزرا، اٹارنی جنرل، سینیئر حکام اور تکنیکی ماہرین نے شرکت کی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان اپنے حصے کے پانی کا تحفظ کرنے کے لیے مناسب اقدامات کرےگا، بھارت کے یکطرفہ، غیر قانونی اقدامات بین الریاستی تعلقات کے خلاف ہیں۔بھارتی اقدامات بین الاقوامی قوانین اور معاہدے کی شقوں کی بھی خلاف ورزی ہیں، سندھ طاس معاہدہ علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے۔

اسحاق ڈار کاکہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کے تقدس کا خیال رکھا جانا چاہیے، دریائے سندھ اور اس کے معاون دریاؤں کا پانی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے لائف لائن ہے۔

وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا قابل افسوس ہے، پاکستان سندھ طاس معاہدے پر مکمل عمل درآمد کی حمایت کرتا رہے گا۔

Back to top button