سمارٹ الیکٹرک میٹرزکی تنصیب کاکام تیزکیاجائے،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نےسرکاری بجلی گھر کی نیلامی کے عمل کو جلد مکمل کرنے اور ملک بھر میں اسمارٹ الیکٹرک میٹرز کی تنصیب کا کام تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات پر ایک جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء اویس لغاری، احد چیمہ، علی پرویز ملک، مشیر محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، نیشنل کوآرڈینیٹر پاور ٹاسک فورس لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر مشرف زیدی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور ان کے ممکنہ فوائد پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کے نظام میں اصلاحات کے ذریعے عوام کو ریلیف دینا اور صنعتوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ نقصان اٹھانے والے پاور پلانٹس کی نجکاری کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کو جلد مکمل کیا جائے، اور اس پورے عمل کو شفاف بنانے کے لیے دیگر نجکاری پروگرامز کی طرح نیلامی کو براہ راست میڈیا پر نشر کیا جائے۔

وزیراعظم نے ملک بھر میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے عمل کی جلد تکمیل اور پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے قیام اور ترسیل و ٹرانسمیشن سسٹم کی بہتری کے منصوبے فوری طور پر شروع کیے جائیں۔

شہباز شریف نے اجلاس میں بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جس سے صوبے کے زرعی شعبے میں پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سردیوں میں عوام کو بجلی کے نرخوں میں سہولت دی گئی، اور مستقبل میں قابلِ تجدید، ماحول دوست اور کم لاگت توانائی منصوبوں کی تکمیل سے مزید ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

Back to top button