وزیراعظم نے مایوس کیا، خیبرپختونخوا کو بڑے ترقیاتی پیکج کی توقع تھی: شوکت یوسف زئی
پی ٹی آئی رہنما نے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صرف الزامات لگانے کے بجائے احتساب کیا جائے، بی آر ٹی پر تنقید کے باوجود منصوبے نے دو بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کیے۔

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مایوس کیا، توقع تھی کہ وہ خیبرپختونخوا کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کریں گے۔
شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے امید تھی کہ وہ صوبے کی ترقی کے لیے بڑا پیکج دیں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ دودھ اور شہد کی نہریں کہاں ہیں جنہیں بہانے کے دعوے کیے گئے تھے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم نے وہی الزامات دہرائے ہیں جو ان کے وزراء صبح و شام لگاتے رہتے ہیں۔ اگر احتساب کرنا ہے تو بسم اللہ کریں، صرف الزامات عائد نہ کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس بی آر ٹی منصوبے کو کرپشن کا شاہکار قرار دیا جاتا تھا، وہ دو بین الاقوامی ایوارڈز جیت چکا ہے۔
شوکت یوسف زئی نے مزید کہا کہ ملک کو آج جتنی ضرورت مذاکرات کی ہے، اس سے پہلے کبھی نہیں تھی۔ بیرونِ ملک بیٹھے یوٹیوبرز کا بیانیہ پی ٹی آئی کا بیانیہ نہیں، جبکہ باہر بیٹھ کر مشورے دینا سب سے آسان کام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے کارکن کم یا زیادہ تعداد میں ضرور ہیں، لیکن وہ میدان میں موجود ہیں۔ پارٹی رہنما اور کارکن پاکستان میں رہ کر مشکلات اور سختیاں برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے شہزاد اکبر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے لوگوں نے پارٹی کو بہت نقصان پہنچایا۔ شوکت یوسف زئی نے کہا کہ اگر انہیں غیرت ہے تو پاکستان واپس آئیں اور پارٹی کے ساتھ کھڑے ہوں
