ایران اور اسرائیل بھی جلد معاہدہ کرلیں گے،ٹرمپ کی پیشگوئی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا اور پیش گوئی کی کہ اسرائیل اور ایران دونوں ازلی دشمن ’ایک معاہدہ کریں گے‘۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ حال ہی میں انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک ممکنہ تنازع کو ختم کرنے کے لیے کامیابی سے مداخلت کی، اور اپنی پہلی مدت صدارت میں سربیا اور کوسووو کے درمیان بھی تنازع ختم کروایا تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ اسی طرح، ہمارے پاس جلد ہی اسرائیل اور ایران کے درمیان امن ہوگا، اس وقت بہت سی کالز اور ملاقاتیں ہو رہی ہیں، میں بہت کچھ کرتا ہوں، لیکن مجھے کبھی کسی چیز کا کریڈٹ نہیں ملتا، لیکن کوئی بات نہیں، عوام سب سمجھتے ہیں، مشرق وسطیٰ کو دوبارہ عظیم بنائیں!۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو امریکی تنصیبات پر حملوں سے باز رہنے کا سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے ایران اور اسرائیل کے درمیان ثالثی کی پیشکش بھی کی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پر جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ امریکا کا آج رات ایران پر ہونے والے حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
امریکی صدر نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ اگر ہم پر کسی بھی صورت میں حملہ کیا ، تو امریکی مسلح افواج کی مکمل طاقت اور قوت تم پر ایسے انداز میں نازل ہوگی، جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔