ایران۔امریکا فریم ورک معاہدہ: اب آگے کیا ہوگا؟

پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایران اور امریکا ایک ایسے فریم ورک معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں جسے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق ایران اور امریکہ کے مابین طے پانے والا فریم ورک مکمل امن معاہدہ نہیں بلکہ ایک ابتدائی خاکہ ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے جنگ بندی، مذاکرات کے تسلسل اور تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اصل امتحان اب ان تکنیکی مذاکرات میں مضمر ہے جن میں ایران کے جوہری پروگرام، اقتصادی پابندیوں، آبنائے ہرمز کی سلامتی اور علاقائی تنازعات جیسے پیچیدہ معاملات کے مستقل حل کی کوشش کی جائے گی۔
ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ فریم ورک معاہدہ کیا ہوتا ہے اور یہ ایک جامع معاہدے سے کس طرح مختلف ہے؟ ماہرین کے مطابق سفارتی اصطلاح میں فریم ورک معاہدہ ایسے ابتدائی سمجھوتے کو کہا جاتا ہے جس میں فریقین بنیادی اصولوں، مقاصد اور مذاکرات کے طریقہ کار پر متفق ہو جاتے ہیں، جبکہ حساس اور پیچیدہ معاملات کو آئندہ تفصیلی بات چیت کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے۔ یہ حتمی امن معاہدہ نہیں بلکہ اس کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کیا جاتا ہے۔موجودہ ایران۔امریکا فریم ورک معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے جنگ بندی برقرار رکھنے، کشیدگی میں کمی لانے، مذاکرات جاری رکھنے اور متنازع معاملات کے حل کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم جوہری سرگرمیوں، اقتصادی پابندیوں اور علاقائی سلامتی سے متعلق حتمی فیصلے بعد کے مذاکرات میں کیے جائیں گے۔
مبصرین کے مطابق آئندہ ہفتوں میں ہونے والے تکنیکی مذاکرات کا سب سے اہم موضوع ایران کا جوہری پروگرام ہوگا۔ فریقین کو یہ طے کرنا ہوگا کہ ایران یورینیم کی افزودگی کس حد تک جاری رکھ سکے گا، جوہری تنصیبات پر کیا پابندیاں ہوں گی اور جوہری سرگرمیوں کی شفافیت کو کیسے یقینی بنایا جائے گا۔اسی طرح بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے کردار پر بھی تفصیلی مذاکرات متوقع ہیں۔ اس دوران یہ طے کیا جا سکتا ہے کہ ایجنسی کو ایرانی جوہری تنصیبات تک کس حد تک رسائی حاصل ہوگی، معائنے کا طریقہ کار کیا ہوگا اور نگرانی کے لیے کون سے تکنیکی اقدامات اختیار کیے جائیں گے۔
اقتصادی پابندیاں بھی مذاکرات کا اہم محور ہوں گی۔ ایران طویل عرصے سے امریکی پابندیوں کے باعث معاشی دباؤ کا شکار ہے اور وہ تیل کی برآمدات، بینکاری نظام اور بین الاقوامی تجارت پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا خواہاں ہے۔ دوسری جانب امریکا پابندیوں میں نرمی کو ایران کے عملی اقدامات سے مشروط رکھنا چاہتا ہے۔ امکان ہے کہ آئندہ مذاکرات میں پابندیوں کے خاتمے کے لیے مرحلہ وار طریقہ کار وضع کیا جائے۔آبنائے ہرمز کی سلامتی بھی مذاکراتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہوگی۔ چونکہ عالمی سطح پر تقریباً 20 فیصد تیل اور 20 فیصد ایل این جی کی ترسیل اس آبی گزرگاہ کے ذریعے ہوتی ہے، اس لیے جہاز رانی کی آزادی، بحری سلامتی کے انتظامات اور ہنگامی حالات میں رابطے کے مؤثر نظام پر اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری سمجھا جا رہا ہے۔لبنان کی صورتحال اور جنگ بندی بھی بات چیت کا حصہ ہو سکتی ہے۔ یہ مرحلہ نسبتاً زیادہ پیچیدہ تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ اسرائیل کی جانب سے لبنان سے فوجی انخلا سے متعلق تحفظات سامنے آئے ہیں، جبکہ حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی کی شرائط پر عمل درآمد کا معاملہ بھی زیر بحث آ سکتا ہے۔ ایسے میں یہ سوال بھی بڑا اہم ہے کہ ایران امریکہ امن معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پاکستان کا کردار اتنا اہم کیوں ہے؟پاکستانی حکام کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان ابتدائی رابطوں، اعتماد سازی اور مذاکراتی ماحول پیدا کرنے میں اسلام آباد نے کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق کئی ماہ پر محیط سفارتی کوششوں کے بعد فریقین کو مذاکرات کی میز پر لایا گیا اور معاہدے کے بنیادی خدوخال طے کیے گئے۔اگرچہ 19 جون کو جنیوا میں ہونے والی تقریب میں معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے، تاہم پاکستانی حکام کا مؤقف ہے کہ سوئٹزرلینڈ صرف میزبان ملک کا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ معاہدے کی تشکیل اور مذاکراتی عمل میں پاکستان کی سہولت کاری بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ فریم ورک معاہدہ تنازع کے خاتمے کا اختتامی مرحلہ نہیں بلکہ ایک نئے سفارتی سفر کا آغاز ہے۔ اگر آئندہ تکنیکی مذاکرات میں جوہری پروگرام، پابندیوں کے خاتمے اور علاقائی سلامتی جیسے حساس معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہو جاتا ہے تو یہی فریم ورک مستقبل میں ایک جامع اور دیرپا امن معاہدے کی بنیاد بن سکتا ہے۔تاہم اگر فریقین ان پیچیدہ امور پر مفاہمت پیدا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو موجودہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا بھی ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔ اسی لیے مبصرین کے نزدیک جنیوا میں ہونے والے دستخط علامتی اہمیت رکھتے ہیں، لیکن اصل فیصلہ آئندہ تکنیکی مذاکرات کی میز پر ہوگا۔
