اسحاق ڈار نے 27ویں آئینی ترمیم کی خبروں کی تردید کردی

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 27ویں آئینی ترمیم کی خبروں کو یکسر مسترد کردیا۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ فی الحال 26ویں آئینی ترمیم کو ہی نافذ العمل بنارہے ہیں، اس لیے 27ویں ترمیم کی کوئی ضرورت نہیں، ملک بہتر انداز میں چل رہا ہے اور معیشت میں بھی بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ بندی معاہدے کی زبانی خلاف ورزیاں کررہا ہے لیکن پاکستان پوری طرح الرٹ ہے۔ ہم امن پسند قوم ہیں اور ہمسایوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں، تاہم اگر بھارت نے جارحیت دکھائی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ افغانستان اور ایران کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے، ایران نے بھی کہا ہے کہ اب انہوں نے اپنے اصل دوست کو پہچان لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لینڈ ڈیجیٹلائزیشن کا عمل خوش آئند ہے جبکہ پاسپورٹ بنانے کے نظام کو بھی جدید اور مربوط کردیا گیا ہے۔ میرپور ایئرپورٹ کے قیام کے لیے سیالکوٹ ایئرپورٹ کی طرز پر نیا آئیڈیا دیا ہے، اور برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ کو پیشکش کی ہے کہ زمین خریدنے میں تعاون فراہم کریں۔
