دبئی میں ڈھائی کروڑ ڈالرکے ہیرے کی چوری ناکام

دبئی پولیس نے ڈھائی کروڑ امریکی ڈالر مالیت کے نایاب پنک ڈائمنڈ کی چوری اور اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔

تفصیلات کے مطابق کارروائی ’پنک ڈائمنڈ آپریشن‘ کے نام سے کی گئی، جس دوران ایک بین الاقوامی گروہ کو گرفتار کیا گیا جو تقریباً ایک سال سے اس قیمتی ہیرے کو ہتھیانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے پہلے ہیرے کے اصل مالک تک رسائی حاصل کی، پھر خود کو ایک ارب پتی خریدار کا نمائندہ ظاہر کرکے اعتماد جیتا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے پرتعیش گاڑیاں کرائے پر لیں، دبئی کے مہنگے ہوٹلوں میں ملاقاتیں کیں اور ایک معروف ماہرِ جواہرات کی خدمات حاصل کرکے ہیرے کی تصدیق بھی کروائی تاکہ اپنی سنجیدگی ثابت کرسکیں۔

انہی حربوں کے ذریعے جیولر کو قائل کیا گیا کہ وہ ہیرا دکان سے نکال کر نجی ملاقات میں لائے۔ تاہم اسی موقع پر ملزمان نے چالاکی سے ہیرا چرایا اور فرار ہوگئے، مگر دبئی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پوری اسکیم کو ناکام بنا دیا۔

Back to top button