علی امین گنڈاپور کا1ماہ،کابینہ کا15دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کودینےکااعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ایک ماہ کی اپنی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ کابینہ ارکان اپنی 15 دن کی تنخواہیں دیں گے۔
فیصلے کے مطابق صوبائی اسمبلی کے ارکان سات دن کی، اسکیل 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری ملازمین دو دن کی، اور گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین ایک دن کی تنخواہ سیلاب زدگان کے فنڈ میں جمع کرائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عطیات کے شفاف استعمال کے لیے پی ڈی ایم اے (پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی) میں خصوصی اکاؤنٹ قائم کیا جائے گا جہاں جمع شدہ فنڈز کا مکمل حساب رکھا جائے گا اور عوام کو ہر مرحلے پر تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کمشنر مردان ڈویژن اور دیگر حکام سے رابطہ کیا اور ڈپٹی کمشنر صوابی کو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو سرگرمیوں کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ بھی خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس مشکل وقت میں وفاقی و صوبائی حکومت کا فرق نہیں، اصل ترجیح متاثرہ افراد کی بحالی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور دیگر متاثرین کو وزیراعظم پیکج کے تحت مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
