اسرائیل غزہ امن معاہدے کے تحت مکمل امداد جانے نہیں دے رہا، اقوامِ متحدہ

اقوامِ متحدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل غزہ امن معاہدے کے تحت امدادی سامان کی مکمل ترسیل کی اجازت نہیں دے رہا۔ ادارے کے مطابق، اسرائیل معاہدے کے تحت منظور شدہ امداد کا صرف ایک حصہ غزہ پہنچنے دے رہا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق، غزہ میں روزانہ 600 امدادی ٹرکوں کے داخلے کی اجازت ہونی چاہیے تھی، تاہم اسرائیلی حکام صرف 145 ٹرکوں کو سرحد پار کرنے دے رہے ہیں۔
ادھر غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بھی جاری ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 5 فلسطینی شہید ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق، جنگ بندی کے آغاز سے اب تک اسرائیلی خلاف ورزیوں کے باعث 226 فلسطینی شہید اور 594 زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب، اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان پر حملے بھی جاری ہیں جن میں چار افراد شہید ہوئے ہیں۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ لبنانی حکومت کو حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے اور جنوبی لبنان سے نکالنے کے اپنے وعدے پر عمل کرنا چاہیے۔
