ٹی20 میں بابر اعظم سب سے زیادہ ففٹی پلس اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے

قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے صرف دو دنوں میں دو بھارتی بلے بازوں کے ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
دو روز قبل بابر نے روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا، اور گزشتہ روز انہوں نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ کر ٹی20 میں سب سے زیادہ ففٹی پلس اننگز کھیلنے والے بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز میں کم بیک کرنے والے بابر اعظم پہلے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے، تاہم دوسرے میچ میں وہ روہت شرما کے 4 ہزار 231 رنز کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب رہے۔ بابر نے یہ سنگ میل صرف 130 میچوں میں عبور کیا، جب کہ شرما نے یہ کارنامہ 159 میچوں میں انجام دیا تھا۔
تیسرے ٹی20 میں بابر نے 36 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر نہ صرف ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا بلکہ اپنے کریئر کی 37ویں ٹی20 نصف سنچری بھی مکمل کی۔ اس کارکردگی کے ساتھ بابر نے ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جو اب تک 39 ففٹی پلس اننگز (38 نصف سنچریاں اور ایک سنچری) کھیل چکے تھے۔
بابر کے مجموعی طور پر اب 40 ففٹی پلس اسکورز ہو چکے ہیں — جن میں 37 نصف سنچریاں اور 3 سنچریاں شامل ہیں — اور وہ ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ ففٹی پلس اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بھارت کے روہت شرما 37 ففٹی پلس اسکورز کے ساتھ تیسرے نمبر پر، جبکہ پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 31 ففٹی پلس اننگز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
یہ بابر اعظم کی مئی 2024 میں آئرلینڈ کے خلاف اننگز کے بعد پہلی نصف سنچری تھی۔
میچ میں انہوں نے 47 گیندوں پر 68 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پاکستان کو فیصلہ کن مقابلے میں جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی دلائی، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
