عرب اسلامک وزرائے خارجہ کااجلاس،اسحاق ڈارکل استنبول روانہ ہوں گے

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار عرب اسلامک وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے کل استنبول روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار ترک وزیرِ خارجہ کی دعوت پر استنبول جارہے ہیں۔
پاکستان سمیت 8 عرب اسلامی ممالک اس امن کوشش کا حصہ رہے ہیں جس کے نتیجے میں شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط ہوئے۔
استنبول اجلاس میں پاکستان جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد، مقبوضہ فلسطینی علاقے خصوصاً غزہ سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا اور فلسطینی عوام تک بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ غزہ کی تعمیر نو پر زور دے گا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک آزاد، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر مسلسل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دے گا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، اور جو 1967 سے پہلے والی سرحدوں کے مطابق ہو، جیسا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن منصوبے میں واضح کیا گیا ہے۔
