اسرائیل نےامریکہ سےجی بی یو 57 بنکر بسٹر بم مانگ لئے

مشرقی وسطی میں کشدگی مزیدبڑھنےکےبعد ایران کے جوہری ری ایکٹر کوتباہ کرنے کیلئےاسرائیل نےامریکہ سے جی بی یو57بنکربسٹربم مانگ لئے۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگی تنازع کی شدت میں فی الحال کمی دیکھنے میں نہیں آرہی۔آگے کیا ہوتا ہے اس بارے میں پیشگوئی کرنا تو ممکن نہیں مگر اسرائیل کی جانب سے امریکا پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ اسے جی بی یو 57 بنکر بسٹر بم فراہم کیے جائیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کا دعویٰ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے جوہری ری ایکٹر تباہ کرنے پر غور کررہے ہیں۔ زیر زمین فردو جوہری ری ایکٹر تک امریکا کا 30 ہزار پاؤنڈ وزنی سب سے بڑا بنکر بسٹر بم ہی پہنچ سکتا ہے۔ْ
دفاعی ماہرین کا کہنا ہےکہ جی بی یو 57 صرف بی ٹو بمبار سے ہی گرایا جاسکتا ہے اور یہ دونوں صرف امریکا کے پاس ہیں۔
دنیا میں اس وقت مختلف اقسام کے بنکر بسٹر بم دستیاب ہیں مگر امریکی ساختہ جی بی یو 57 سب سے خطرناک ہے جسے عموماً بی 2 اسپرٹ اسٹیلتھ بمبار طیارے سے گرایا جاتا ہے۔ بم کے بڑے حجم اور وزن کے باعث طیارہ ایک بار میں صرف 2 بموں کو ہی اپنے ساتھ لے جاسکتا ہے، اسے بوئنگ کارپوریشن نے ڈیزائن کیا اور اسے امریکی فضائیہ کی جانب سے تیار کیا جاتا ہے جب کہ یہ دنیا کا سب سے طاقتور غیر جوہری بم بھی تصور کیا جاتا ہے۔