پاکستان نے تہران سے چند سفارت کار،غیر ضروری عملہ واپس بلالیا

ایران اسرائیل جنگ کے باعث پاکستان نے تہران سے چند سفارت کاروں اور غیر ضروری عملے کو واپس بلالیا۔
تفصیلات کے مطابق ایران اسرائیل جنگ اور خطے میں بدلتی صورتحال کے باعث پاکستان نے تہران سے کچھ سفارت کاروں، غیر ضروری اہل کاروں اور عملے کے اہل خانہ کو واپس بلایاہے۔
وزارت خارجہ کے اعلی عہدے دار کے مطابق جنگ کی صورتحال اور کشیدگی کے باعث اقدام کیا گیا ہے، تہران میں پاکستانی سفارت خانہ اور قونصل خانے کام جاری رکھیں گے۔جو اضافی اور غیر ضروری اسٹاف ہے ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے خاندان سمیت وطن واپس چلے جائیں، اسٹاف کی واپسی کے لیے انتظامات مکمل ہیں۔
واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل پر نیا حملہ شروع کر دیا ہے، ایرانی فورسز کی جانب سے اسرائیل کے اہم اور اسٹریٹجک اہداف پر متعدد بیلسٹک میزائل داغےگئے ہیں۔اس حملے میں مختلف نوعیت کے میزائل اور ڈرونز استعمال کیے جارہے ہیں۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کی طرف سے ڈرون اور میزائل حملوں کی ایک نئی لہر شروع ہوئی ہے جس میں اسرائیل کے اندر اہم اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے اسرائیل کے اہم اور اسٹریٹجک اہداف پر متعدد بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔