اسرائیل تیاری رکھے، حملوں کا بھرپور اور درد ناک جواب دیا جائے گا: ایران

ایران نے اعلان کیا ہے کہ تل ابیب کی کارروائیوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ایران کے رہبرِ انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے صیہونی فضائیہ کے حملوں پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے اپنے تلخ اور دردناک تقدیر کی بنیاد رکھ دی ہے۔ اسرائیل سخت سزا کا انتظار کرے
اسلامی انقلاب کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے آج صبح قوم سے خطاب میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جن میں تہران سمیت ایران کے دیگر شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔
اپنے پیغام میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیل کو اس سنگین اقدام کی سخت سزا بھگتنی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت نے اپنے خون آلود ہاتھوں سے ہمارے عزیز وطن میں جرم کا ارتکاب کیا، اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی شیطانی فطرت کو مزید آشکار کر دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں، اللہ نے چاہا تو ایران کی مسلح افواج کے مضبوط بازو اسرائیل کو سزا دیئے بغیر نہیں رکیں گے۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کے حملے میں کئی کمانڈر اور سائنسدان شہید ہوئے ہیں، ان کمانڈرز اور سائنس دانوں کے جانشین اپنے فرائض انجام دے کر مشن جاری رکھیں گے۔ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا ہے کہ اسرائیل نے اپنے لیے تلخ اور تکلیف دہ قسمت کا انتخاب کیا ہے اور اس میں شک ہی نہیں کہ اسے یہ سزا ضرور ملے گی۔ اسرائیلی حکومت کو ایک سخت جواب کا انتظار کرنا چاہیے۔:
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے نمائندے ابراہیم رضائی نے اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں کہاکہ ملک کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر الرٹ ہے، تہران میں متعدد رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی حملےمیں ہلاکتوں کا اطلاعات ہیں۔
ایران میڈیا نے فوجی ہیڈ کوارٹرز پر حملوں کی تصدیق کردی ہے، اسرائیلی حملے پر ایرانی قیادت کا اعلیٰ سکیورٹی اجلاس ہوا، ایران کی جانب سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر پیشگی حملہ کر دیا ہے، اسرائیلی فوجی عہدیدار کے مطابق اسرائیل نے ایران کے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوجی عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے پاس چند دنوں میں 15 جوہری بم بنانے کے لئے کافی مواد موجود ہے، اسرائیل یقینی بنارہا ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔
اسرائیلی میڈیا نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران پر پیشگی حملے کئے گئے ہیں تاہم ابھی حملوں کا ہدف نہیں بتایا گیا۔