امریکہ کا ایران پر اسرائیلی حملوں سے لا تعلقی کا اعلان

ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ان حملوں میں شامل نہیں ہے اور اس کی اولین ترجیح خطے میں موجود امریکی افواج کا تحفظ ہے۔امریکا نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملوں میں امریکا کا کوئی کردار نہیں، ایران کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی گئی ہے۔
امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو نے کہا کہ ہم ایران کے خلاف حملوں میں ملوث نہیں، ہماری ترجیح خطے میں امریکی افواج کا تحفظ ہے، اسرائیل نے ہم سے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی اپنے دفاع کے لئے ضروری تھی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے امریکی افواج کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں اور ہم اپنے علاقائی اتحادیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
وزیرِ خارجہ نے ایران کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ایران کو امریکا کے مفادات یا اہلکاروں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ دوسری جانب امریکی ٹی وی کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے صبح اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے کرتے ہوئے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر پیشگی حملہ کر دیا ہے، ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔
اسرائیلی فوجی عہدیدار کے مطابق اسرائیل جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے، اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات کو نشانہ بنایا۔