ٹرمپ کے طیارے پر حملے کی اسرائیلی رپورٹ جعلی ہے: ترک حکام

ترک حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اسرائیل نے انقرہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے طیارے پر حملے کی سازش سے متعلق جعلی رپورٹ تیار کی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترک حکام کو شبہ ہے کہ اسرائیل نے ٹرمپ کے طیارے پر قاتلانہ حملے کی سازش سے متعلق جعلی رپورٹ اس مقصد سے تیار کی تاکہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی کوششوں کو سبوتاژ کیا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق ترک حکام کا خیال ہے کہ گزشتہ ماہ انقرہ میں ہونے والی نیٹو سربراہی کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کے لیے ایران کی مبینہ سازش سے متعلق اسرائیلی خفیہ اطلاعات شاید من گھڑت تھیں، جن کا مقصد ایران کے ساتھ امریکی مذاکرات کو ناکام بنانا ہو سکتا تھا۔
اسرائیلی رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب ٹرمپ ایران کے ساتھ ایک معاہدے کی کوشش کر رہے تھے، جس کا مقصد حالیہ جنگ کا خاتمہ اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا تھا۔
ترک حکام کو شبہ ہے کہ اسرائیلی رپورٹ کا مقصد نیتن یاہو حکومت کو ٹرمپ کے محافظ کے طور پر پیش کرنا، ایران کے ساتھ مذاکرات کو ناکام بنانا اور امریکی صدر کے ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچانا ہو سکتا ہے۔
فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا ہے: گرپتونت سنگ
معاملے سے واقف ایک ترک اعلیٰ اہلکار کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے یہ بالکل واضح تھا کہ اس رپورٹ کے درست ہونے کا کوئی امکان نہیں تھا، اس طرح کی کوشش ترکیہ کو ایران کے ساتھ براہِ راست محاذ آرائی کی طرف بھی دھکیل سکتی تھی۔
