آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کالعدم قرار

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دے دیا گیا، آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے مطابق جموں کشمیر ایکشن کمیٹی، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ناموں سے سرگرم تنظیم کو فرسٹ شیڈول میں شامل کر لیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کو آزاد جموں و کشمیر انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے تحت کالعدم قرار دیا گیا ہے، جبکہ صدر آزاد جموں و کشمیر نے اسے پروسکرائبڈ آرگنائزیشن قرار دینے کی منظوری بھی دے دی ہے۔حکومتی مؤقف کے مطابق تنظیم کے خلاف ایسے شواہد موجود ہیں جن سے امن و امان اور ریاستی سلامتی کو خطرات لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ تنظیم ریاست میں انتشار پھیلانے، عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے اور عدم تحفظ کے احساس کو فروغ دینے میں ملوث پائی گئی۔ نوٹیفکیشن میں تنظیم پر نفرت انگیزی اور امن عامہ کو متاثر کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔حکومت نے آزاد کشمیر انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے سیکشن 12 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے تنظیم اور اس کے تمام متبادل ناموں کو بھی پابندی کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کالعدم قرار دی گئی تنظیم کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن کی نقول متعلقہ سرکاری اداروں، وفاقی وزارت داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضلعی انتظامیہ، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

Back to top button