خیبرپختونخواسینیٹ الیکشن،جےیوآئی کےامیدواروں کااعلان

جمعیت علمائے اسلام نے 21 جولائی کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان کے مطابق، خیبرپختونخوا سے جنرل نشست کے لیے جے یو آئی نے صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا عطا الحق درویش کو نامزد کیا ہے، جب کہ ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لیے سینیٹر دلاور خان کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ جے یو آئی کے خیبرپختونخوا اسمبلی میں 19 ارکان موجود ہیں۔
پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر اپوزیشن جماعتیں 4 نشستیں حاصل کر سکتی ہیں، جبکہ 7 نشستوں پر حکومتی اتحاد کے جیتنے کا امکان ہے۔
تاہم، سینیٹ کی ان چار متوقع اپوزیشن نشستوں کی تقسیم پر مختلف جماعتوں کے درمیان اختلافات پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جو آئندہ چند دنوں میں سیاسی درجہ حرارت کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔