کراچی: FIA کا حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کیخلاف کریک ڈاؤن، 2 افراد گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکس سرکل کراچی نے جوڑیا بازار میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی حوالہ/ہنڈی نیٹ ورک بے نقاب کر دیا اور مرکزی ملزم سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران مرکزی ملزم حارث اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اہم ڈیجیٹل شواہد، موبائل ڈیٹا اور ہاتھ سے تحریر کردہ لیجر بھی برآمد کیا گیا، جس میں بینکاری نظام کو نظر انداز کرتے ہوئے حوالہ/ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک رقوم کی منتقلی کا مکمل ریکارڈ موجود تھا۔
چھاپے کے دوران ایک کروڑ 50 ہزار روپے (10.05 ملین روپے) نقد رقم بھی برآمد کر کے قبضے میں لے لی گئی، جبکہ برآمد ہونے والے ریکارڈ کو مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ برآمد ہونے والے مالیاتی ریکارڈ اور ڈیجیٹل شواہد کی روشنی میں نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے۔
امریکا کو بےگناہ ایرانیوں کا خون بہانے کی قیمت چکانا ہوگی : باقر قالیباف
ترجمان نے مزید بتایا کہ حوالہ/ہنڈی، منی لانڈرنگ اور غیر قانونی ذرائع سے رقوم کی ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ایف آئی اے کے مطابق ایسے غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے اور ملکی مالیاتی نظام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
