بلاول کو معلوم ہونا چاہیے اگر ہم گئے تو سب جائیں گے : امیر مقام

وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر امیر مقام نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے وفاقی حکومت کو دی گئی الٹی گنتی کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اگر ہم گئے تو سب اکٹھے جائیں گے۔
مظفرآباد کے علاقے کھاوڑا میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ میرپور کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جب کہ پیپلز پارٹی کو الزامات لگانے کے بجائے اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ عوام نے اسے کیوں مسترد کیا۔
امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت اور انتظامیہ پیپلز پارٹی کے زیر اثر ہے، اس لیے بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے عوامی فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے۔پیپلزپارٹی کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ خود اسی نظام کا حصہ ہے اور اہم آئینی عہدوں پر فائز ہے،بار بار دھمکیاں،انہیں یہ معلوم ہونا چاہیےکہ اگر ہم گئے تو سب اکٹھے جائیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتےہوئے کہا تھا کہ اگر آزادکشمیر کے انتخابات چوری کیے تو لکھ لیں آپ کی وفاقی حکومت کی اُلٹی گنتی شروع ہوجائے گی۔
آزاد کشمیر انتخابی تنازع: پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی اہم بیٹھک، کشیدگی کم کرنے پر اتفاق
بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا تھا کہ گلگت بلتستان الیکشن میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے تو الیکشن شفاف،کشمیر میں بلاول ہارگئے تو دھاندلی ہوگئی؟
احسن اقبال کا کہنا تھاکہ بلاول بھٹو زرداری دھاندلی کا شور بند کرکے کشمیر الیکشن کے نتائج تسلیم کریں،توقع تو یہ تھی کہ میرپور کے نتائج پر بلاول بھٹو نواز اور شہباز شریف کو مبارکباد دیتے لیکن وہ نتائج دیکھ کر چیخیں ماررہے ہیں۔
