خوشدل شاہ نےکرکٹ چھوڑنے کی تردید کردی

طویل عرصے سے قومی ٹیم سے باہر رہنے والے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے پاکستان کرکٹ چھوڑنے سے متعلق زیرِ گردش خبروں کی تردید کر دی۔
نومبر 2019ء میں پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے خوشدل شاہ اب تک قومی ٹیم کے لیے 15 ایک روزہ اور 38 ٹی 20 بین الاقوامی میچز کھیل چکے ہیں۔
گزشتہ سال اے سی سی مینز ٹی 20 ایشیاء کپ میں انہوں نے آخری بار گرین شرٹس کی نمائندگی کی تھی۔
قومی ٹیم سے باہر رہنے کے دوران گزشتہ روز انٹرنیٹ پر 2 ماہ پرانا ایک انٹرویو دوبارہ گردش کرنے لگا، جس میں قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عباس آفریدی نے دعویٰ کیا تھا کہ خوشدل شاہ نے انہیں بتایا تھا کہ ان کے پاس تقریباً 4 ماہ باقی ہیں اور اگر اس عرصے کے دوران انہیں قومی ٹیم میں طلب نہ کیا گیا تو انہیں پاکستان چھوڑنا پڑے گا۔
یہ دعویٰ سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گیا، جس کے بعد آل راؤنڈر نے بذریعہ سوشل میڈیا ان قیاس آرائیوں پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے زیرِ گردش خبروں کو جعلی اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
