KPK الیکشن، تحریک انصاف سٹی میئرز کی تمام نشستیں ہار گئی

خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات، تحریک انصاف کو سٹی میئرز کی تمام نشستوں پر شکست، پشاور، مردان، بنوں اور کوہاٹ میں میئر کیلئے حکمراں جماعت کا کوئی امیدوارکامیاب نہ ہوسکا، جے یو آئی ف 3 نشستیں لے اڑی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں تحصیل کونسلز اور سٹی میئرز کی نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخواہ میں 4 سٹی میئرز کی نشستوں پشاور، مردان، بنوں اور کوہاٹ کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آ چکے، جن کے مطابق حکمراں جماعت تحریک انصاف کو چاروں نشستوں پر شکست ہوئی۔ پشاور، کوہاٹ اور بنوں کی سٹی میئرز کی نشستیں جے یو آئی ف لے اڑی، جبکہ اے این پی کو مردان کی سٹی میئر کی نشست پر فتح حاصل ہو ئی۔
دوسری جانب تحصیل کونسلز کی نشستوں پر بھی جمعیت علماء اسلام کو برتری حاصل ہے، جب کہ پاکستان تحریک انصاف کو اپنے کئی مضبوط حلقوں میں اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے۔

ابتدائی اور غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں جے یو آئی ف صوبے کی حکمراں جماعت تحریک انصاف دھچکا دینے میں کامیاب رہی ہے۔ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع کی 64 تحصیل کونسلز کیلئے منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق تحصیل چئیرمین کے لیے جمعیت علماء اسلام ف 18 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ حکمراں جماعت تحریک انصاف کا 14 سیٹوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔
آزاد امیدوار 8 نشتوں کے ساتھ تیسرے نمبر جب کہ اے این پی بھی 8 سیٹیں لینے میں کامیاب ہو گئی،پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئی اور اب تک صرف تین نشستوں پر فتح حاصل کر سکی، جماعت اسلامی دو اور پاکستان پیپلز پارٹی ایک سیٹ پر جیت سکی۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ گذشتہ روز ہوئی تھی جس کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کے رہنما نے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی شکست تسلیم کی ہے۔

Back to top button