کُرم زمین کا نہیں فرقہ وارانہ تنازع ہے جس میں بیرونی طاقتیں ملوث ہیں،وزیراعلیٰ کے پی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نےکہا کہ کرم زمین کا نہیں فرقہ وارانہ تنازع ہےجس میں بیرونی طاقتیں ملوث ہیں۔

پشاور میں ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعلی امین گنڈا پورکا کہنا تھا کُرم کا مسئلہ 103سال سے چل رہا ہے،یہ جو ہمیں کہتے ہیں زمین کا تنازع ہے یہ زمین کا تنازع نہیں ہے، ہم حقیقت سے اپنے آپ کو پیچھےکیوں ہٹاتے ہیں،زمین کے تنازعےتو بہت ساری جگہ پرہوتےہیں،لیکن کہیں نہیں ہوتا پورےکے پورے علاقے کھڑے ہو جائیں،زمین کا تنازع تو چند لوگوں میں اورکسی ایک قوم میں ہوتا ہو گا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کُرم میں جو ہو رہا ہے یہ فرقہ واریت ہے جس میں عالمی اور بیرونی قوتیں پوری طرح انویسٹمنٹ کررہی ہیں،بیرونی طاقتیں کُرم میں اسلحہ،گولہ بارود اوربھاری ہتھیار فراہم کر رہی ہیں،یہ طاقتیں کُرم کی چنگاری سے پورے ملک میں فرقہ واریت کی آگ لگانا چاہتی ہیں۔

علی امین کا کہنا تھا کہ جرگے سے کُرم کا مسئلہ حل ہو جائے تو ٹھیک ورنہ حکومت کی تیاری مکمل ہے،کُرم میں دہشتگردی میں ملوث عناصر بچ نہیں سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا جس طرح کا وہاں پر اسلحہ اور بارود سپلائی اور استعمال ہو رہا ہے اس میں بیرونی طاقتیں پوری طرح ملوث ہیں،ہم بھرپور کام کر رہے ہیں، 2 ارب روپے کے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا رہے ہیں، ہم نے ہیڈ منی بھی رکھ دی ہے ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں،واضح پیغام ہےجوغلط ہے،دہشتگردی پھیلا رہا ہے وہ بچےگا نہیں،اس کو سزا ملے گی۔

Back to top button