الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے:افغان طالبان کے پاکستان پر الزامات

الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے، پاکستانی میں دہشتگردانہ حملے کرنے والے ٹی ٹی پی کے شرپسندوں کو پناہ دینے والی افغان حکومت نے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ پاکستان میں براہ راست شرپسندانہ کارروائیوں میں ملوث افغان طالبان نے پاکستان پر ہی شدت پسندی کے الزمات عائد کرنا شروع کر دئیے ہیں۔
طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے الزام لگایا ہے کہ تین ہمسایہ ممالک افغانستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں دہشت گرد تنظیم داعش کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں۔امیر خان متقی کے مطابق ان تین ممالک میں سے ایک ملک داعش کو افرادی قوت، دوسرا تربیت جبکہ تیسرا رسد فراہم کرتا ہے۔امیر خان متقی نے کسی ملک کا براہِ راست نام نہیں لیا، تاہم سوشل میڈیا میں زیر گردش خبروں میں انگلیاں پاکستان، تاجکستان اور ایران کی جانب اٹھائی جا رہی ہیں۔
طالبان حکومت کے وزیرِ خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے ایک افغان دہشتگرد کا اعترافی بیان سامنے آیا تھا جس نے پاکستان میں اس نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں افغان حکام کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا۔مذکورہ افغان شہری نے یہ بھی کہا کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی اور دہشت گردوں کو سرحد تک لانے میں افغان طالبان نے مدد فراہم کی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں شرپسدانہ کارروائیوں میں افغان طالبان کے ملوث ہونے کے شواہد گاہے بگاہے سامنے آتے رہے ہیں۔ پاکستان کا یہ گلہ ہے کہ افغان طالبان افغانستان میں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان یعنی ٹی ٹی پی کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کر رہے۔ حالانکہ ٹی ٹی پی کے جنگجو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں میں ملوث ہیں۔پاکستان کی سول اور ملٹری قیادت بھی کھلے عام پاکستان کے اندر ہر طرح کی دہشت گردی کی کارروائیوں کا مرتکب افغانستان کے اندر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ہی قرار دیتی ہے۔
تاہم دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان اور افغانستان دونوں کو دہشت گردی کا سامنا ہے ایسے میں ‘بلیم گیم’ کا فائدہ شدت پسند تنظیمیں اُٹھائیں گی۔افغان امور کے ماہر اور سینئر تجزیہ کار سمیع یوسفزئی کے مطابق افغان طالبان یہ سمجھتے ہیں کہ داعش خراسان کی بنیاد 2015 میں پاکستانی طالبان کے منحرف ارکان نے رکھی تھی۔ اُن کا کہنا تھا کہ امیر خان متقی کی جانب سے اس قسم کے الزامات دونوں ممالک کے درمیان خلیج میں مزید اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔
افغان امور کے ماہر نے واضح کیا کہ امیر خان متقی نے یہ الزامات اپنی انٹیلی جینس ایجنسیوں کی تحقیق کی بعد ہی لگائے ہوں گے اور جب طالبان قیادت کی جانب سے اس قسم کے سنگین الزامات ہمسایہ ممالک پر لگائے جائیں تو نچلی سطح پر لڑنے والے جنگجو بھی اپنی قیادت کے الفاظ پر من و عن عمل کرتے ہیں اور وہ ان کے لیے یہ پتھر پر لکیر کی مانند ہوتے ہیں۔
سمیع یوسفزئی کے مطابق ماضی میں سابق افغان صدور اشرف غنی اور حامد کرزئی بھی اس نوعیت کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں، تاہم اس ‘بلیم گیم’ سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔سمیع یوسفزئی کے بقول بہتر یہی ہے کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں۔
یاد رہے کہ امیر خان متقی کے بیان سے قبل گزشتہ ہفتے افغانستان کے لیے پاکستانی نمائندہ خصوصی آصف درانی نے دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان کے ساتھ متصل سرحدی علاقوں میں ٹی ٹی پی کی سرگرمیوں اور دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ 75 برسوں کے دوران پاکستان کو بھارت کے ساتھ ہونے والی تین جنگوں میں اتنا جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا جتنا افغانستان کے اندرونی حالات کی وجہ سے ہوا ہے۔ان کے بقول دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں پاکستان نے ہزاروں بے گناہ معصوم شہریوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں سیکیورٹی فورسز کی بھی قربانیاں دیں۔ اس کے علاوہ اربوں روپے کا معاشی نقصان بھی سہنا پڑا۔
