اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی پر دوبارہ اعتماد کرنے پر آمادہ کیوں نہیں؟

گزشتہ کچھ دنوں سےملک کے سیاسی منظرنامے میں پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ سے ’رابطوں‘ کی قیاس آرائیاں جاری ہیں، اسٹیبلشمنٹ اور تحریک انصاف کے خفیہ رابطوں کی افواہوں میں شہریار آفریدی کی جانب سے ’فوج سے جلد مذاکرات ہونے‘ کا عندیہ دئیے جانے کے بعد شدت دیکھنے میں آئی۔شہریار آفریدی کے بیان کے بعد ایک نئی بحث چھڑ گئی اور بعض پی ٹی آئی رہنماؤں نے ان کے بیان کی حمایت تو کچھ نے نفی کی۔ تاہم دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ عمران خان کی ماضی کی سیاہ کاریوں کی وجہ سے اس پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں جس کے بعد عسکری قیادت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوتے دکھائی نہیں دیتے۔

رہنماؤں کے حالیہ متضاد بیانات کے بعد اب بالآخر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز شامل ہیں۔

تحریک انصاف کے حالیہ فیصلے کے بعد یہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ تحریک انساف حکومت یا سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے کے بجائے تمام معاملات اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کیوں طے کرنا چاہتی ہے؟ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ پی ٹی آئی کے رابطوں میں کیا پیش رفت ہوئی ہے؟ کیا پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد کیے گئے افراد واقعی مذاکرات کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں؟ کیا ان مذاکرات میں حکومت کوئی کردار ادا کر سکتی ہے؟

ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کے درمیان ثالثی کیلئے کوشاں سابق سیکرٹری دفاع جنرل ریٹائرڈ نعیم لودھی  کے مطابق ’عام انتخابات سے قبل ہی ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطے جاری تھے۔ تاہم دونوں طرف سے شرائط میں فرق ہے۔ فوج کی جانب سے عمران خان کو نو مئی کے واقعات کی ذمہ داری قبول کرنے کا کہا گیا ہے اور اس بات کی یقین دہانی بھی مانگی گئی ہے کہ وہ آئندہ ایسا نہیں کریں گے۔ تاہم ’عمران خان نے جواب میں کہا کہ میں نے نو مئی پلان نہیں کیا۔ وہ بات کیسے مانوں جو کام میں نے کیا ہی نہیں، البتہ یہ ضرور کہوں گا کہ برا ہوا، جس کی غیر جانبدارانہ انکوائری ہونی چاہیے۔ اگر پی ٹی آئی سے منسلک افراد ذمہ دار ٹھہرے تو میں انہیں جماعت سے نکالوں گا اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔’

نعیم لودھی کے مطابق: ’ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے تحریک انصاف پر اعتماد کی کمی ہے۔ میرے خیال سے دوسری سیاسی جماعتیں دونوں کے درمیان مذاکرات نہیں چاہتیں کیونکہ ان کی بقا اس پر منحصر ہے۔ تاہم اب پی ٹی آئی اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے درمیان ہی نہیں دیگر سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے مابین بھی پیغام رسانی ہو رہی ہے۔‘سابق سیکرٹری دفاع نے بتایا کہ ’وہ ثالثی کرنے والے گروپ کو وسیع کرنا چاہ رہے ہیں تاکہ یہ ایک پریشر گروپ بنے جس میں میڈیا، عدلیہ اور سیاست دانوں سے منسلک غیر جانبدار افراد ہونے چاہییں۔ اس گروپ کی تشکیل شروع ہو گئی ہے۔‘تاہم متعدد افراد کو تعلقات بہتر ہونے کی توقع نہیں کیونکہ بظاہر دونوں جانب سے سخت موقف ہی اپنایا گیا ہے۔اس معاملے پر آرمی چیف سے بات چیت کے سوال پر نعیم لودھی نے بتایا کہ ’اس معاملے پر آرمی چیف سے براہ راست بات نہیں ہوئی لیکن میری باتیں ان تک پہنچ جاتی ہیں اور مجھے ان سے بالواسطہ جواب بھی مل جاتا ہے۔‘

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے فیصلے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور پارٹی کے ترجمان اداروں سے سیاسی معاملات میں مداخلت کا کہہ رہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ ’صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کی خاطر پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ڈائیلاگ اور مفاہمت کی دعوت دی، تاہم تحریک انصاف کی جانب سے صرف اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا مطالبہ افسوس ناک ہے۔‘ان کا مزید کہنا تھا: ’پی ٹی آئی ایک طرف اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار کی شکایت کرتی ہے تو دوسری طرف پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے ڈائیلاگ کی پیشکش کو ٹھکرا کر اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ادارے کہہ رہے ہیں ہم سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے لیکن بانی پی ٹی آئی اور پارٹی رہنما اداروں سے سیاست میں مداخلت کا کہہ رہے ہیں۔‘

دوسری جانب سول ملٹری تعلقات پر کام کرنے والے صحافی سرل المیڈا نے مذاکرات کی کامیابی کو ’عمران خان کی سوچ بدلنے‘ سے مشروط کیا ہے۔سرل المیڈا کے مطابق ’پی ٹی آئی میں سب فوجی قیادت سے بات کرنا چاہتے ہیں اور ساتھ ہی کسی ایسے انتظام کو ترجیح دیتا ہے، جس سے وہ فوج کے شانہ بشانہ حکومت کر سکیں۔‘سرل نے مزید کہا کہ جب عمران خان اپنی سوچ کو بدلیں گے تب ہی مذاکرات کی کوئی کوشش کامیاب ہو سکتی ہے۔ تاہم یہ بات بھی حقیقت ہے کہ ’فوج صرف اس وقت مذاکرات کا رخ کرے گی جب وہ یہ فیصلہ کرلے گی کہ مسلم لیگ ن ایک اثاثے سے زیادہ سیاسی بوجھ  ہے۔ اس وقت اسے ایک متبادل کی ضرورت ہوگی، ایسے میں پی ٹی آئی ایک آپشن ہو سکتی ہے۔‘

دوسری طرف صحافی ابصار عالم کا مذاکرات کے حوالے سے کہنا ہے کہ گذشتہ دو سالوں کے علاوہ پی ٹی آئی پر ہمیشہ سے ’اسٹیبلشمنٹ کی سیاست ‘کرنے کا اعتراض رہا ہے۔ اب بھی ’پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ سے ہی بات کرنی ہے حالانکہ سیاسی جماعتوں کو آپس میں بات کرنی چاہیے۔ تاہم لگتا ہے پی ٹی آئی وہی سیاست کرنا چاہتی ہے جو پاکستان میں رائج ہے۔‘

Back to top button