سینیئر صحافی ارشد شریف کے قاتل کیوں بے نقاب نہیں ہو پائے

سینیئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ اے آر وائی نیوز چینل سے وابستہ رہنے والے مقتول اینکر ارشد شریف کا قتل کیس ہمارے عدلیہ کے لئے ایک ٹیسٹ کیس کی حیثیت رکھتا ہے ۔آج تک کسی مقتول صحافی کو عدالتوں سے انصاف نہیں ملا ، میرا مطالبہ ہے کہ ارشد شریف کو انصاف دلا دیں۔ اگر اس کیس میں انصاف مل گیا تو ناصرف صحافت بلکہ عدلیہ کے معاملات میں مداخلت کے راستے بند ہو جائیں گے ورنہ کل کسی اور ارشد شریف کو گولی مار دی جائے گی۔
اپنے تازہ سیاسی تجزیے میں حامد میر بتاتے ہیں کہ 1990ء کے بعد سے پاکستان میں 150 اور بھارت میں 125سے زیادہ میڈیا ورکرز کو قتل کیا جا چکا ہے ۔اکثر مقتول صحافیوں کو انکی اپنی برادری فرائض کی انجام دہی میں جان قربان کرنے والا ساتھی قرار دیتی ہے لیکن گولی مارنے والے انہیں ملک دشمن یا کسی ادارے کا مخبر قرار دیتے ہیں۔ کچھ سال پہلے بلوچستان کے ایک نوجوان صحافی ارشاد مستوئی نے ’’بلوچستان …تنازعات اور صحافت‘‘ کے نام سے ایک کتاب لکھی اور بتایا کہ کس طرح بلوچستان میں ڈاکٹر چشتی مجاہد اور فیض ساسولی جیسے صحافیوں کو ایک کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بی ایل اے نے قتل کیا اور دوسری طرف گوادر پریس کلب کے صدر لالہ حمید بلوچ اور خضدار پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عبدالحق بلوچ کو ریاست کے حامی مسلح گروہوں نے گولی مار دی ۔ارشاد مستوئی کی یہ قلمی کاوش ایک گستاخی قرار پائی اور ایک دن انہیں بھی ان کے دفتر میں گھس کر گولی مار دی گئی۔
حامد میر کے مطابق صحافیوں پر تنقید کرنا اور ان پر الزام لگانا بہت آسان ہے لیکن بہت کم لوگوں کو یہ احساس ہے کہ پاکستان میں حقیقی صحافت بہت مشکل ہو چکی ہے۔سچ بولنے کا مطلب شوق ِشہادت ہے ۔اب تو بچ بچا کر آدھا سچ لکھنا بھی خطرات کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔جب بھی کوئی صحافی مارا جاتا ہے تو اس کے قتل کی تحقیقات کرنے والی آوازوں کو دبانے کیلئے صحافیوں کو تقسیم کر دیا جاتا ہے ۔جنرل ضیاءالحق نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کو دو گروپوں میں تقسیم کیا۔ جنرل پرویز مشرف نے دو کے چار گروپ بنا دیئے اور آج پی ایف یو جے کے آٹھ نو گروپ ہیں۔اب صحافی تنظیموں کا کام یہ ہے کہ جب کوئی ساتھی مارا جائے تو مذمتی بیان جاری کر کے خاموش ہو جائو ۔کوئی صحافی گرفتار ہو جائے تو اسے کسی جماعت کا کارکن یا یو ٹیوبر قرار دیکر نظرانداز کر دیا جائے۔ہمارے ایک ساتھی ارشد شریف کے ساتھ بھی یہی ہواجب وہ زندہ تھا اور ٹی وی اسکرین پر تلخ نوائی کرتا تھا تو اسے طعنے دیئے جاتےتھے کہ تم تو ٹی وی اینکر ہو، تمہارے پاس بڑی سی گاڑی ہے اور لاکھوں کی تنخواہ ہے، تم سچ بولنے کا خطرہ مول لے سکتے ہو لیکن عام صحافی سچ کیسے بولے؟اس کے پاس نہ گاڑی ہے نہ بڑی تنخواہ؟ ارشد شریف کسی سے زیادہ بحث نہیں کرتا تھا۔اس نے خود بھی ایک چھوٹے سے میگزین کی ملازمت سے صحافت شروع کی ۔اپنی محنت سے مقام بنایا لہٰذا اپنے مقام کی وضاحت کرنے کی بجائے جو صحیح سمجھا بولتا رہا ۔
حامد میر کہتے ہیں کہ کئی مرتبہ اس نے میرے ساتھ بھی اختلاف کیا لیکن اس کا اختلاف کبھی اخلاق کے دائرے کو عبور نہیں کرتا تھا ۔2022ء میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی تو ارشد شریف نے بڑے جارحانہ انداز میں اس تحریک عدم اعتماد پر تنقید کی۔ اس پر بہت سے مقدمات بنا دیئےگئے پھر وہ پاکستان سے کینیا چلا گیا۔جب اس نے پاکستان واپسی کا فیصلہ کیا تو اسے پراسرار حالات میں کینیا میں قتل کر دیا گیا۔جب اس کا جسم تابوت سے باہر آیا تو پتہ چلا کہ قتل سے پہلے اس پر تشدد بھی کیا گیا تھا۔ میں نے 3 نومبر 2022ء کو ’’ارشد شریف کا بار بار قتل‘‘ کے عنوان سے اسی کالم میں مطالبہ کیا تھا کہ ہمارے ساتھی کے قتل کی انکوائری کیلئے کمیشن بنایا جائے ۔کمیشن تو نہ بنا لیکن سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لے لیا۔اس معاملے کو بھی ڈیڑھ سال گزر گیا۔ سپریم کورٹ سے بھی انصاف نہ ملا تو ہم نے عدالتی کمیشن بنانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔اس درخواست میں ہم نے کسی پر کوئی الزام نہیں لگایا ہم تو صرف ایک کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
حامد میر کہتے ہیں کہ گر ارشد شریف کو سپریم کورٹ سے انصاف مل جاتا تو آج ہائیکورٹ کے ججوں کو ان حالات کا سامنا نہ ہوتا جن پر وہ اپنے خطوط میں ماتم کر رہے ہیں۔
