جسٹس جیلانی انکوائری کمیشن کی سربراہی سے پیچھے کیوں ہٹے؟

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز کے الزامات پر مبنی خط کے بعد سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس لینے کے بعد اگرچہ حکومتی تشکیل کردہ انکوائری کمیشن بے معنی ہو گیا تھا تاہم اب بھی سیاسی حلقوں میں یہ بحث جاری ہے کہ وہ کون سی وجوہات تھیں جن کی وجہ سے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کمیشن کی سربراہی کی حامی بھرنے کے بعد اچانک ڈرامائی طور پر ایک رکنی انکوائری کمیشن کی سربراہی سے معذرت کر لی، جس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے فوری طور پر ججوں کے خط پر آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت ازخود نوٹس لیتے ہوئے اور معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے سات رکنی لارجر بنچ تشکیل دے دیا۔

اس حوالے سے سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے اپنے تازہ سیاسی تجزیے میں دعوی کیا ہے کہ دراصل جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کو جب انکوائری کمیشن کی سربراہی کی پیشکش کی گئی تھی، تو ان کو یہ تاثر دیا گیا تھا کہ یہ پیشکش سپریم کورٹ کے فل کورٹ کی ایما پر کی گئی تھی اور متفقہ طور پر ان کا نام تجویز کیا گیا تھا۔جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی نے اپنے طور پر جب سپریم کورٹ کے بعض ججوں سے رابطہ کیا تو انہیں وہاں تقسیم نظر آئی۔ اس اندرونی کیفیت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے انکوائری کمیشن کی سربراہی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب جب انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججوں کے خط کا گہرائی میں مطالعہ کیا اور وفاقی حکومت کے انکوائری کمیشن بارے جاری کردہ ٹرمز آف ریفرنس کا جائزہ لیا تو ان کو محسوس ہوا کہ وفاقی حکومت کے عجلت میں تیار کردہ قواعد و ضوابط آئین کے آرٹیکل 209 سے متضاد ہیں اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججوں نے یہ خط جوڈیشل کونسل کے جج اور چیف جسٹس آف پاکستان کے نام لکھا ہے اور ان کے نزدیک یہ عدالتی ترجیحات کی خلاف ورزی کے مترادف ہو گا کہ ایک ایسا معاملہ جو کہ سپریم جوڈیشل کونسل یا سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، اس پر کمیشن بنے۔

دراصل جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کو اندازہ ہو گیا تھا کہ بادی النظر میں انکوائری کمیشن کے شرائط و ضوابط اس خط سے ہم آہنگ نہیں اور اداروں کے خلاف خط میں جو شکایات کی گئی تھیں، وہ ان سے الگ تھلگ رہنا چاہتے تھے کیونکہ معاملہ انتہائی سنگین ہے اور آئینی و قانونی طور پر ایسے دوراہے پر کھڑا ہے کہ اس پر رائے دینا یا سفارشات پیش کرنا ان کے لیے ممکن نہ تھا۔کنور دلشاد کے مطابق دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججوں کے خط کے معاملے پر وکلا کمیونٹی بھی تقسیم ہو گئی اور 500 سے زائد وکلا نے سپریم کورٹ سے آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت حساس اداروں کی جانب سے عدالتی امور میں مداخلت کے الزامات کو ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک رکنی انکوائری کمیشن جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں مسترد کر دیا تھا اور حیران کن امر یہ بھی تھا کہ ان وکلا کی فہرست میں جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کے صاحبزادے ثاقب جیلانی بھی شامل تھے۔گویا گھر میں بھی جسٹس تصدق حسین جیلانی کی مخالفت کی جا رہی تھی۔ کنور دلشاد کے مطابق جسٹس تصدق حسین جیلانی نے اپنے صاحبزادے کی ناراضگی کا گہرا اثر لیا اور انکوائری کمیشن کی سربراہی قبول کرنے کے بعد معذرت کر لی۔

کنور دلشاد کا مزید کہنا ہے کی تصدق حسین جیلانی کا نام جولائی 2018 کے انتخابات کے دوران بطور نگران وزیراعظم بھی گردش کرتا رہا، لیکن مقتدر حلقوں نے سابق چیف جسٹس ناصر الملک پر اچانک اتفاق کر لیا حالانکہ اندرونی طور پر عمران خان نے بھی ان کے نام پر رضامندی کا اظہار کر دیا تھا۔ کنور دلشاد کے مطابق وفاقی حکومت ان دنوں حساس اداروں کے ماضی کے اہم فیصلوں کی وجہ سے تاریک گلی میں کھڑی نظر آ رہی ہے کیونکہ فیض آباد دھرنا کیس پر قائم ہونے والے کمیشن نے اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہیں، جس میں یہ باور کیا جا رہا ہے کہ آئی ایس آئی کے انٹرنل ونگ کے سربراہ میجر جنرل فیض حمید تحریک لبیک پارٹی کے فیض آباد دھرنے کے معمار تھے۔یہ رپورٹ بھی بڑی اہمیت کی حامل ہے اور اس کے نتائج بہت دور تک جائیں گے کیونکہ رپورٹ کی نقول کابینہ ڈویژن، اٹارنی جنرل پاکستان اور رجسٹرار سپریم کورٹ کو جمع کروائی جائیں گی۔سپریم کورٹ کے اس وقت کے جج اور موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے عدالتی فیصلے کی روشنی میں کمیشن بنایا گیا تھا تاکہ ان افراد کی نشان دہی کی جائے، جنہوں نے چھ سال قبل دھرنے کی منصوبہ بندی، مالی معاونت اور حمایت کی تھی۔

کنور دلشاد کے بقول دراصل یہ معاملات ریاستی مفاد کے خلاف جا رہے ہیں۔ ریاست اپنے مفاد میں اہم ترین فیصلے کرتی ہے اور حساس اداروں کو ریاستی مفاد سب سے اوّلین حیثیت رکھنا ہوتا ہے اور آئین کے آرٹیکل 5 کو مدنظر رکھا جائے تو ریاست کے قومی مفاد میں بعض ایسے اقدامات کرنے پڑتے ہیں جو بظاہر آئین سے ماورا ہوتے ہیں۔

Back to top button