پاکستان محنت اور لگن سے اپنا مستقبل تعمیر کرے گا،شہبازشریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی محنت، لگن اور انتھک کوششوں سے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا، توانائی کا تحفظ ملکی عوام اور معیشت کے لیے انتہائی اہم ہے، جبکہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 کی تکمیل پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 کی ڈوم پلیسمنٹ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو بھی سراہا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5 پاکستان کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر ہے، جس کی تعمیر چین کے تعاون سے ہوئی ہے۔ منصوبے کا سنگ بنیاد جولائی 2023 میں رکھا گیا تھا اور اس کی تکمیل مقررہ وقت سے پہلے ہونا ایک اہم کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ملک کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے میں مدد دے گا۔ توانائی کا تحفظ عوام اور معیشت دونوں کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اس لیے ماحول کے تحفظ اور معاشی ترقی کو ترجیح دینا ضروری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل امن، سلامتی اور استحکام کی بنیاد پر تعمیر ہوگا۔ مسلح افواج نے ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں ان کی جرأت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے معاشی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مسلح افواج کی معاونت کو بھی سراہا۔
